مئی کے مہینے میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 8.2 فیصد ہوگئی

اپ ڈیٹ 10 جون 2020
12 ماہ کے دوران یہ ملک میں مہنگائی کی کم ترین شرح ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
12 ماہ کے دوران یہ ملک میں مہنگائی کی کم ترین شرح ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: ملک میں مئی کے دوران مہنگائی کی شرح کم ہو کر 8.2 فیصد کی سطح پر آگئی جو اپریل کے دوران تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی کے باعث 8.5 فیصد تک کم ہوئی تھی۔

پاکستان ادارہ شماریات (بی ایس پی) نے گزشتہ برس منگائی کا حساب لگانے کا طریقہ کار تبدیل کردیا تھا جس کے بعد 12 ماہ کے دوران یہ ملک میں مہنگائی کی کم ترین شرح ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی اور اشیائے ضروریات کی بہتر فراہمی مجموعی طور پر مہنگائی کی شرح کو کم کر کے واحد ہندسے تک لانے کا سبب بنیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے پیٹرول کی قیمت مزید 7 روپے کم کردی

تاہم اشیائے خور و نوش سے متعلق مہنگائی اب بھی دہرے ہندسوں میں موجود ہے اور مجموعی طور پر قیمتوں میں کمی کے باجود اس میں مئی کے مہینے کے دوران اضافہ ہوا۔

شہری علاقوں میں اشیائے خورو نوش کی مہنگائی میں سالانہ بنیاد پر 10.6 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 1.5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ دیہی علاقوں میں یہ اضافہ بالترتیب 13.7 فیصد اور 1.4 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

شہری علاقوں میں جن اشیا کی قیمت میں اضافہ ہوا ان میں چکن کی قیمت میں 41.46 فیصد، آلو کی قیمت میں 31.19 فیصد، پھلوں کی قیمت میں 9.72 فیصد، دودھ کی قیمت میں 4.63 فیصد، مرچ مصالحے کی قیمت میں 3.71 فیصد اور مکھن کی قیمت میں 2.58 فیصد اضافہ ہوا۔

مزید پڑھیں: اپریل میں مہنگائی کی شرح کم ہوکر 8.5 فیصد ہوگئی

شہری علاقوں میں جن اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں پیاز کی قیمت میں 23.35 فیصد، سبزیوں کی قیمت میں 19.62 فیصد، انڈوں کی قیمت میں 18.74 فیصد، ٹماٹروں کی قیمت میں 7.74 فیصد، دال چنا کی قیمت میں 7.25 فیصد، دال مسور کی قیمت میں 4.43 فیصد، بیسن کی قیمت میں 4.38 فیصد اور گندم کی قیمت میں 3.17 فیصد کمی ہوئی۔

علاوہ ازیں دیہی علاقوں میں جن اشیا کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ان میں آلو کی قیمت میں 41.55 فیصد، چکن 41.52 فیصد، پھل 11.46 فیصد، مرچ مصالحے 8.60 فیصد، دال مونگ 4.36 فیصد، دودھ 4.23 فیصد، گڑ 2.75 فیصد اور دال ماش 2.13 فیصد مہنگی ہوئی۔

دوسری جانب دیہی علاقوں میں جن اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ان میں ٹماٹروں کی قیمت 21.82 فیصد، پیاز 21.77 فیصد، سبزیوں کی قیمت 21.08 فیصد، انڈوں کی قیمت 13.82 فیصد، گندم 7.57 فیصد، دال چنا 2.41 فیصد اور بیسن کی قیمت 2.12 فیصد کم ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: نجی شعبے کے قرضوں میں 47 فیصد کمی

اسی طرح شہری علاقوں میں خوراک کے سوا دیگر اشیا کی قیمتوں میں سالانہ بنیاد پر 5.4 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ماہانہ بنیاد پر اس میں 0.4 فیصد کی کمی ہوئی دیہاتوں میں یہ شرح 6.4 فیصد اور 0.5 فیصد رہی۔

تبصرے (0) بند ہیں