آرمی چیف سے بل گیٹس کی گفتگو، انسداد پولیو مہم میں فوج کے کردار کی تعریف

اپ ڈیٹ 17 جولائ 2020
آرمی چیف اور بل گیٹس کے درمیان انسداد پولیو پروگرام سے متعلق ٹیلیفونک رابطہ ہوا— فائل فوٹو: اے پی پی
آرمی چیف اور بل گیٹس کے درمیان انسداد پولیو پروگرام سے متعلق ٹیلیفونک رابطہ ہوا— فائل فوٹو: اے پی پی

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے درمیان انسداد پولیو پروگرام سے متعلق ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔

پاکستان میں انسداد پولیو مہم پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے بل گیٹس نے سیکیورٹی، مانیٹرنگ اور صلاحیت کے خلا میں کمی کے ذریعے مہم میں پاک فوج کی مدد کو سراہا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ یہ ایک قومی فریضہ ہے اور پاک فوج نے حکومتِ پاکستان اور صوبوں کے محکمہ صحت کے اہم اقدامات میں کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف کی کورونا کی روک تھام کیلئے قومی سطح پر اقدامات اور تیاریوں کی ہدایت

آرمی چیف نے کہا کہ وہ ہیلتھ ورکرز، جنہوں نے پولیو مہم میں اہم ترین کردار ادا کیا، وہ کورونا وائرس کے خلاف دفاع میں بھی فرنٹ لائن پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی باوجود پاک فوج نے حکومت کی کوششوں میں تعاون کرتے ہوئے آئندہ ہفتوں میں انسداد پولیو مہم دوبارہ شروع کرنے سے متعلق تیاریاں کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: آرمی چیف کا پاک فوج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کا حکم

ٹیلی فونک رابطے کے دوران آرمی چیف اور بل گیٹس نے وبا کے خطرے کی صورت میں درپیش چیلنجز اور تعلیم، صحت کی دیکھ بھال کے لچکدار نظام اور ٹیکنالوجی کے ذریعے آبادی کے اس سے ابھرنے کی کوششوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے اس نیک مقصد کے لیے بل گیٹس اور ان کی فاؤنڈیشن کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام کی بہتری کے مقصد کے لیے ہر کوشش میں مکمل تعاون کیا جائے گا اور اسے سراہا جائے گا۔


یہ خبر 11 جون، 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں