عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار جوکووچ کورونا وائرس کا شکار

اپ ڈیٹ 02 جولائ 2020
جوکووچ بلقان میں ٹورنامنٹ میں شریک ہوئے تھے—فائل/فوٹو:اے ایف پی
جوکووچ بلقان میں ٹورنامنٹ میں شریک ہوئے تھے—فائل/فوٹو:اے ایف پی

عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ سمیت متعدد ٹینس کے کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس سے کھیل کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

سربیا سے تعق رکھنے والے نوواک جوکووچ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ وہ اور ان کی بیوی کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ ان کے بچے وائرس سے محفوظ رہے۔

مزید پڑھیں: قومی ٹیم کے مزید 7 کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار

واضح رہے کہ اس سے قبل جوکووچ کے ایڈریا ٹور نمائشی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے کروشیا کے بورنا کورک، بلغاریہ کے گریگور دمتریو اور سربیا کے وکٹر ٹروئکی بھی وائرس کا شکار ہو گئے تھے۔

جوکووچ نے کہا کہ جیسے ہی ہم بلگریڈ پہنچے تو ہم نے اپنا ٹیسٹ کرایا، میرا ٹیسٹ مثبت آیا اور میری طرح جیلینا کا بھی ٹیسٹ مثبت آیا البتہ ہمارے بچوں کے ٹیسٹ منفی آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں وائرس کے ہر کیس کے لیے انتہائی معذرت خواہ ہوں، مجھے امید ہے کہ اس سے کسی کی صحت کو نقصان نہیں پہنچے گا اور ہر کوئی بہتر رہے گا، میں آئندہ 14دن آئسولیشن میں رہوں گا اور پانچ دن بعد دوبارہ ٹیسٹ کراؤں گا۔

جوکووچ کو کورونا وائرس کی وبا کے دوران نمائشی ایونٹ کے انعقاد اور دیگر ملکوں سے کھلاڑیوں کو بلانے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ کورونا وائرس کا شکار

بلگریڈ میں ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے کے دوران اسٹینڈز بھرے رہے اور نیٹ میں کھلاڑی ایک دوسرے گلے ملتے رہے، باسکٹ بال کھیلتے رہے، ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور پریس کانفرنس بھی کی۔

ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کی تفریحی سرگرمیوں اور ڈانس کی ویڈیو بھی وائرل ہوتی رہیں۔

ایونٹ کے انعقاد سے چند ہفتے قبل سربیا اور کروشیا دونوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی کردی تھی اور اس دوران ایونٹ میں لوگوں نے سماجی فاصلے اصول پر عمل نہیں کیا۔

سربیا کے کھلاڑی وکٹر ٹروئیکی نے کہا کہ وہ اور ان کی بیوی دونوں کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

سربیا کے عالمی نمبر ایک اسٹار نوواک جوکووچ نے کہا کہ ہم نے گزشتہ ماہ جو کچھ بھی کیا وہ صاف دل اور مکمل سچائی کے ساتھ کیا، ہمارے ٹورنامنٹ کا مقصد خطے میں اتحاد اور یکجہتی کا پیغام پہنچانا تھا۔

مزید پڑھیں: لیجنڈ ریسلر نے آخرکار ڈبلیو ڈبلیو ای سے ریٹائرمنٹ لے لی

چند ہفتوں قبل عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نے کہا تھا کہ اگر سفر کے لیے انتہائی ضروری ہو تو بھی وہ وائرس کی ویکسین کے خلاف ہیں۔

وہ فائنل میچ سے قبل ہی کروشیا سے وطن واپس لوٹ آئے تھے جس کے بعد ان کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا لیکن اس کے باوجود انہوں نے نمائشی سیریز کے انعقاد کا دفاع کیا تھا۔

جوکووچ نے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد جمع ہونے والے رقم سے ضرورت مند افراد کی مدد کرنا ہے، جس وقت ہم نے ایونٹ کا انعقاد کیا تو اس وقت وائرس کا اثر کم ہو چکا تھا جس کی وجہ سے ہمیں لگا کہ یہ ایونٹ کے انعقاد کے لیے موزوں وقت ہے۔

کھلاڑیوں کے وائرس کا شکار ہونے کے بعد تین اور چار جولائی کو بوسنیا میں شیڈول ایونٹ ایڈریا ٹور کو منسوخ کردیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں