گلوکار سلمان احمد کے 50 رشتہ دار و دوست کورونا کا شکار

اپ ڈیٹ 28 جون 2020
سلمان احمد کو اپریل کے آغاز میں کورونا ہوا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
سلمان احمد کو اپریل کے آغاز میں کورونا ہوا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

معروف گلوکار و موسیقار سلمان احمد نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے 50 رشتہ دار، اہل خانہ اور دوست بھی کورونا کو شکار بنے۔

سلمان احمد ملک کی وہ پہلی شوبز و میوزک شخصیت بھی بنے تھے جنہیں سب سے پہلے اپریل کے آغاز میں کورونا ہوا تھا۔

سلمان احمد کو اس وقت کورونا ہوا تھا جب وہ امریکا میں موجود تھے اور اس وقت امریکا میں کورونا عروج پر تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کا شکار ہونے والی شوبز شخصیات

سلمان احمد نے کورونا کی تشخیص کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا تھا اور 2 ہفتوں بعد ان کا دوبارہ ٹیسٹ کیا گیا تو وہ منفی آیا تھا۔

سلمان احمد نے اپریل کے آخری دنوں میں کورونا کو شکست دی تھی اور اس کے بعد گلوکار عوام کو کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر بتاتے دکھائی دیتے تھے۔

مگر اب انہوں نے انکشاف کیا ہےکہ کورونا میں ان کے 50 رشتہ دار، اہل خانہ اور دوست بھی وبا کا شکار ہوئے تھے جن میں سے اب زیادہ تر صحت مند ہوچکے۔

سلمان احمد نے ٹوئٹ میں اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ کورونا میں مبتلا ہونے والے ان کے 50 قریبی رشتہ داروں اور دوستوں میں سے 46 افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔

گلوکار نے بتایا کہ بروقت احتیاطی تدابیر اپنانے، ایک دوسرے سے سماجی فاصلہ اختیار کرنے، فیس ماسک اور سینیٹائیزر استعمال کرنے کی وجہ سے کورونا میں مبتلا وہ اور ان کے دیگر 46 قریبی رشتہ دار اور دوست وبا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے۔

اپنی ٹوئٹ میں گلوکار نے فیس ماسک پہن رکھا تھا اور انہوں نے مداحوں کو کورونا سے بچنے اور اسے شکست دینے کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاط کرنے کی ہدایت کی۔

سلمان احمد نے یہ واضح نہیں کیا کہ کورونا میں مبتلا ہونے والے ان کے 50 قریبی رشتہ داروں اور دوستوں میں کون کون شامل تھے، تاہم انہوں نے آگاہ کیا کہ وبا میں مبتلا ہونے والے ان کے 46 قریبی افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا میں مبتلا ہونے والی تقریباً تمام شوبز شخصیات صحت یاب

خیال رہے کہ کورونا میں مبتلا ہونے والی پاکستانی شوبز انڈسٹری کی تقریبا ایک درجن سے زائد شخصیات بھی صحت مند ہوچکی ہیں۔

سینئر اداکارہ روبینہ اشرف، یاسر نواز، ندا یاسر، نوید رضا، ابرارالحق، واسع چوہدری، شفاعت علی اور گلوکار بلال مقصود سمیت دیگر شخصیات میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔

تاہم تمام ہی شخصیات 2 سے 3 ہفتوں تک قرنطینہ میں رہنے کے بعد صحت یاب ہوگئیں۔

پاکستان میں 28 جون کو دوپہر تک کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہوچکی تھی جب کہ اموات کی تعداد 4 ہزار 118 تک جا پہنچی تھی۔

دنیا بھر میں 28 جون کی دوپہر تک کورونا کے کیسز کی تعداد ایک کروڑ تک جا پہنچی تھی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 4 لاکھ 98 ہزار تک جا پہنچی تھی۔

یاسر نواز، ندا یاسر اور نوید رضا بھی کورونا کا شکار ہوئے تھے—فائل فوٹو: فیس بک
یاسر نواز، ندا یاسر اور نوید رضا بھی کورونا کا شکار ہوئے تھے—فائل فوٹو: فیس بک

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں