کورونا وبا: سندھ میں کیسز 80 ہزار سے زائد، ملک میں متاثرین 2 لاکھ 5 ہزار 647 ہوگئے

اپ ڈیٹ 29 جون 2020
پاکستان میں 4 ماہ میں کیسز 2 لاکھ سے بڑھ گئے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں 4 ماہ میں کیسز 2 لاکھ سے بڑھ گئے—فائل فوٹو: اے پی

دنیا بھر میں ایک کروڑ لوگوں کو متاثر اور 5 لاکھ کے قریب اموات کا سبب بننے والے مہلک نوول کورونا وائرس کے پاکستان میں پھیلاؤ کا سلسلہ بھی جاری ہے اور آج مزید کیسز اور اموات سامنے آئیں۔

ان نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں مجموعی متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 5 ہزار 647 جبکہ اموات 4 ہزار 154 تک پہنچ گئی ہیں۔

ملک میں آج (اتوار) کی شام تک کورونا وائرس کے 4233 نئے کیسز اور 56 اموات رپورٹ ہوئیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اب تک 4 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس عرصے میں پاکستان دنیا کے بڑے متاثرہ ممالک میں شامل ہوچکا ہے۔

تاہم گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یہ رجحان دیکھنے میں آیا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں کچھ حد تک کمی ہوئی ہے۔

اگرچہ پاکستان میں اس وائرس کا پھیلاؤ لگائے گئے اندازوں کے مطابق نہیں ہے تاہم اس کے باوجود کیسز کی تعداد اور اموات باعث تشویش ہیں۔

ملک میں پہلے کیس کے بعد سے 31 مارچ تک کے کیسز پر نظر ڈالیں تو یہ لگ بھگ 2 ہزار کے قریب تھے جبکہ اموات 26 تک ہوئیں تھیں، تاہم اپریل میں کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور ایک ماہ میں یہ ساڑھے 16 ہزار کے مجموعی ہندسے کو عبور کرگئے اور اموات 385 تک جاپہنچیں۔

مئی کا مہینہ صورتحال کی تبدیلی کا باعث بنا اور مہینے کے آخر تک کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 کو تجاوز کرگئیں۔

تاہم جون کے مہینے میں کیسز کا گراف یکدم اوپر گیا اور 27 روز میں ایک لاکھ 30 ہزار کیسز اور 2500 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا۔

آج (28 جون) کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا جبکہ بڑی تعداد میں مریض صحتیاب ہوگئے۔

سندھ

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 179 نئے کیسز اور 26 اموات کا اضافہ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کیسز کی صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھٹنوں کے دوران 9 ہزار 244 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار179 کے نتائج مثبت آئے، اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد 80 ہزار 446 تک پہنچ گئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 26 افراد انتقال بھی کرگئے جس سے یہ تعداد 1269 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1322 نئے کیسز اور 17 اموات رپورٹ ہوئیں۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 322 لوگ متاثر ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 74 ہزار 202 ہوگئی۔

اس کے علاوہ صوبے میں مزید 17 افراد زندگی کی بازی ہار گئے یوں اب تک وہاں اموات 1673 تک پہنچ گئیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا (کے پی) میں کورونا وائرس کے مزید 398 کیسز اور 8 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی۔

محکمہ صحت کے اعداد وشمار کے مطابق 398 نئے کیسز کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 25 ہزار 778 ہوگئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف اضلاع میں 8 افراد جان سے گئے اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 922 ہوچکی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں اب تک ایک لاکھ 45 ہزار 410 ٹیسٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 199 متاثرین صحت یاب ہوئے اور اب تک صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 ہزار 348 ہے۔

بلوچستان

بلوچستان کے محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں اب تک اسکریننگ کیے گئے لوگوں کی کل تعداد ایک لاکھ ایک ہزار 441 جبکہ 48 ہزار 164 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کا کہنا تھا کہ آج (28 جون) کورونا وائرس کے 115 نئے کیسز سامنے آئے اور مجموعی تعداد 10 ہزار 376 ہوگئی ہے۔

ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق 28 جون کو459 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 115 مثبت آئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے اب تک ہلاک ہونے والے متاثرین کی مجموعی تعداد 116 ہے جبکہ 3 ہزار 939 افراد صحت یاب ہوئے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 189 افراد کو متاثر کیا جبکہ 2 افراد کی جان لے لی۔

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثر ہونے والے ان افراد کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 12 ہزار 395 تک پہنچ گئی۔

علاوہ ازیں وہاں مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اموات کی مجموعی تعداد 120 سے بڑھ کر 122 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی گئی اور ایک روز میں 6 نئے کیسز اور ایک اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے، یوں مجموعی کیسز کی تعداد 1417 سے بڑھ کر 1423 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ادھر آزاد کشمیر میں کورونا وائرس نے مزید 24 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی۔

جس کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار 3 سے بڑھ کر ایک ہزار 27 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم جس طرح ملک میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آرہے ہیں اسی طرح صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 5 ہزار 718 لوگ اس وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے۔

اس طرح پاکستان میں ان 4 ماہ سے زائد کے عرصے میں کورونا وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد 86 ہزار 906 سے بڑھ کر 92 ہزار 624 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 205647

اموات: 4154

صحتیاب: 92624

فعال کیسز: 108366

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 80 ہزار 446 ہیں تو وہیں پنجاب میں 74 ہزار 202 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 25 ہزار 778 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 376 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 12 ہزار 395، گلگت بلتستان میں 1423 اور آزاد کشمیر 1027 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1673

سندھ: 1269

خیبرپختونخوا: 922

بلوچستان: 116

اسلام آباد: 122

آزاد کشمیر: 28

گلگت بلتستان: 24


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 4 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں