گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص کی ہلاکت پر سری لنکن کرکٹر مینڈس گرفتار

اپ ڈیٹ 12 جولائ 2020
ایکسیڈنٹ میں ایک شخص کی ہلاکت کے بعد مینڈسن کو گرفتار کر لیا گیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
ایکسیڈنٹ میں ایک شخص کی ہلاکت کے بعد مینڈسن کو گرفتار کر لیا گیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

سری لنکن کرکٹر کوشل مینڈس کی کار کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں ایک شخص کی ہلاکت کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے میڈیا یونٹ نے واقعے کی تصدیق کی کہ یہ حادثہ کولمبو کے جنوب میں واقع پنادورا میں رونما ہوا جس سے ایک مقامی شخص زخمی ہو گیا۔

مزید پڑھیں: سری لنکا نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی

واقعہ صبح 5 بجے رونما ہوا جس کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 64 سالہ سائیکلسٹ کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

کوشل مینڈس کو ممکنہ طور پر آئندہ 48 گھنٹوں میں پنادورا مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا جبکہ پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

پولیس کے ابتدائی بیان میں اس بات کا کوئی عندیا نہیں دیا گیا کہ مینڈس یا ہلاک شخص الکہل کے زیر اثر تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کپتانوں سمیت 10اہم سری لنکن کھلاڑیوں کا دورہ پاکستان سے انکار

سری لنکا میں کورونا وائرس کے سبب نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کوشل مینڈس سڑک پر ڈرائیو کرنے کے لیے نکلے تھے۔

وہ پالے کیلی میں جاری سری لنکن ٹیم کے کیمپ کا حصہ تھے جس کا خاتمہ بدھ کو ہورہا ہے۔

25سالہ وکٹ کیپر بلے باز 44 ٹیسٹ اور 76 ون ڈے میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں اور مجموعی طور پر 5ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں جبکہ وہ 26 ٹی 20 میچوں میں بھی سری لنکا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں