ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان، سرفراز احمد، شعیب ملک، شرجیل خان ڈراپ

اپ ڈیٹ 15 اکتوبر 2021
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے آئندہ ماہ ٹی 20 ورلڈ کپ اور نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان  کیا---فوٹو: ڈان نیوز
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے آئندہ ماہ ٹی 20 ورلڈ کپ اور نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا---فوٹو: ڈان نیوز
گروپ 2 کا آغاز بھارت اور پاکستان کے درمیان 24 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا---فوٹو: پی سی بی
گروپ 2 کا آغاز بھارت اور پاکستان کے درمیان 24 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا---فوٹو: پی سی بی

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے آئندہ ماہ ٹی 20 ورلڈ کپ اور نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے کرکٹ ٹیم اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے بہت سے تجربہ کار کھلاڑیوں کو نظر انداز کردیا۔

سابق کپتان سرفراز احمد، وہاب ریاض، تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک اور ہارڈ ہٹنگ اوپنر شرجیل خان اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے 15 رکنی اسکواڈ میں اعظم خان کو شامل کیا گیا ہے۔

اسکواڈ پر تبصرہ کرتے ہوئے چیف سیلکٹر محمد وسیم نے کہا کہ کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 کرکٹ سے جوڑے تمام پہلوؤں پر بھرپور غور کیا ہے۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کو ٹاپ فور میں دیکھ رہا ہوں، فواد عالم

انہوں نے کہا کہ اس میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں، مہارتوں اور تجربہ بھی شامل ہے ان پر اعتماد کرنا ضروری ہے جو عالمی سطح کے ٹورنامنٹ میں پرفارم کرسکتے ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف علی اور خوشدل شاہ کے نام متاثر کن نہیں ہوسکتے لیکن ان کی زبردست صلاحیتوں اور قابلیت پر شاید ہی کوئی شک کرے۔

محمد وسیم نے کہا کہ وہ مڈل آرڈر بلے بازوں کے دستیاب پول میں بہترین ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہ بہترین پرفارمنس کے ذریعے ہماری مڈل آرڈر مشکلات کا حل فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عماد وسیم، محمد نواز اور شاداب خان کی صورت میں ہمارے پاس تین بہترین اسپنر ہیں جو بلے باز ہونے کے ساتھ اچھی اور شاندار فیلڈنگ بھی کرتے ہیں۔

مزیدپڑھیں: نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان، سرفراز ڈراپ

انہوں نے کہا کہ اعظم خان ایک ’جارحانہ بلے باز‘ ہیں اسی وجہ سے انہیں سرفراز احمد کے مقابلے میں منتخب کیا گیا۔

چیف سیلکٹر نے کہا کہ محمد وسیم جونیئر کو فہیم اشرف پر ترجیح دی گئی ہے کیونکہ ان کی رفتار اور بڑے شاٹس مارنے کی صلاحیت ہے۔

ورلڈ کپ ٹی 20 اور آئندہ ہوم سیریز کے لیے پاکستان کی 15 رکنی ٹیم میں بابر اعظم، شاداب خان، آصف علی، اعظم خان، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، خوشدل، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، شاہین آفریدی اور صہیب مقصود شامل ہیں۔

ریزرو کھلاڑیوں میں شاہنواز دہانی، عثمان قادر اور فخر زمان ہیں۔

خیال رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات اور عمان میں 17 اکتوبر سے شروع ہوگا اور فائنل 14 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

اس مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں شامل کیا گیا ہے جن کے درمیان پہلا میچ 24 اکتوبر کو ہوگا۔

پاکستان کے میچز:

  • 24 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ بھارت، دبئی
  • 26 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ
  • 29 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ افغانستان
  • 2 نومبر: پاکستان بمقابلہ گروپ اے کے راؤنڈ 1 کوالیفائر میں دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم
  • 7 نومبر: پاکستان بمقابلہ گروپ بی کے راؤنڈ 1 کوالیفائر میں پہلے نمبر پر آنے والی ٹیم

پہلا راؤنڈ

پہلے راؤنڈ میں ٹورنامنٹ 17 اکتوبر کو میزبان عمان اور پاپوا نیو گنی کے درمیان راؤنڈ ون گروپ بی کے مقابلے سے شروع ہوگا، گروپ بی میں دیگر ٹیمیں شام 6 بجے مد مقابل آئیں گی۔

گروپ اے میں آئرلینڈ، نیدرلینڈز، سری لنکا اور نمیبیا پر مشتمل ہے جو اگلے روز ابوظبی میں ایکشن میں ہوں گے۔

راؤنڈ ون کے میچ 22 اکتوبر تک جاری رہیں گے اور ہر گروپ میں سرفہرست دو ٹیمیں 23 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے سپر 12 مرحلے میں جائیں گی۔

سپر 12

ٹورنامنٹ کا دوسرا مرحلہ، سپر 12 مرحلہ 23، اکتوبر کو ابوظبی میں شروع ہوگا جس میں گروپ ون میں پہلا مقابلہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہوگا۔

اس کے بعد دبئی میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

پرانے حریف انگلینڈ اور آسٹریلیا 30 اکتوبر کو دبئی میں مد مقابل آئیں گے۔

گروپ کا اختتام 6 نومبر کو آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ابوظبی اور انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان شارجہ میں ہونے والے میچز سے ہوگا۔

گروپ ٹو کا آغاز بھارت اور پاکستان کے درمیان 24 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا۔

اس کے بعد پاکستان 26 اکتوبر کو شارجہ میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرے گا، افغانستان کا پہلا میچ 25 اکتوبر کو شارجہ میں ہوگا۔

یہ گروپ 8 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا جب بھارت گروپ اے سے دوسرے نمبر پر آنے والے راؤنڈ ون کوالیفائر سے مقابلہ کرے گا۔

فائنلز

پہلا سیمی فائنل 10 نومبر کو ابوظبی میں ہوگا اور دوسرا سیمی فائنل 11 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد ٹورنامنٹ کا آخری تصادم 14 نومبر، اتوار کو دبئی میں ہوگا۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائیں گی۔

نیوزی لینڈ سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد انگلینڈ کی ٹیم پاکستان آئے گی، 13 اور 14 اکتوبر کو راولپنڈی میں دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں