کورونا وائرس پر 'الزام تراشی' کا شکار ہوا، نوواک جوکووچ

اپ ڈیٹ 16 جولائ 2020
یہ یقینی طور پر صرف تنقید سے زیادہ ہے، یہ ایک ایجنڈا کی طرح ہے، نوواک جوکووچ — فائل فوٹو / اے ایف پی
یہ یقینی طور پر صرف تنقید سے زیادہ ہے، یہ ایک ایجنڈا کی طرح ہے، نوواک جوکووچ — فائل فوٹو / اے ایف پی

عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کا کہنا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متعلق 'الزام تراشی' کا شکار ہوئے اور وہ ممکنہ طور پر آئندہ ماہ شیڈول یو ایس اوپن کا بائیکاٹ کریں گے۔

سربیا کے دارالحکومت بلگراد اور کروشیا کے شہر زیڈار میں جونس میں ٹینس کے نمائشی میچز کھیلنے کے بعد جوکووچ سمیت چار کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

نوواک جوکووچ کے علاوہ گریگور دمتروو، بورنا کورک اور وکٹر ٹروئکی وائرس کا شکار ہو گئے تھے۔

نمائشی میچ کے دوران کھلاڑیوں کی ایک دوسرے سے گلے ملنے، ساتھ باسکٹ بال کھیلنے اور پارٹی کرنے کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد جوکووچ پر تنقید کی گئی تھی اور ساتھی کھلاڑی نِک کِرگیوز نے ان کے عمل کو "غیر ذمہ دارانہ' قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار جوکووچ کورونا وائرس کا شکار

جوکووچ نے سربین اخبار 'اسپورٹسکی زُرنَل' کو بتایا کہ 'میں نے بعد میں صرف تنقید دیکھی جس میں سے زیادہ تر بغض سے بھری تھی۔'

انہوں نے کہا کہ 'یہ یقینی طور پر صرف تنقید سے زیادہ ہے، یہ ایک ایجنڈا کی طرح ہے اور الزام تراشی جاری ہے۔'

ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ 'میں نے ابھی تک یو ایس اوپن میں کھیلنے کے حوالے سے فیصلہ نہیں کیا ہے، امریکا اور بالخصوص نیویارک میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ایونٹ کے حق میں نہیں ہے۔'

مزید پڑھیں: جوکووچ اور ان کی بیوی کورونا وائرس سے صحتیاب

واضح رہے کورونا کیسز سامنے آنے کے باعث آزمائشی میچز منسوخ ہونے کے بعد نوواک جوکووچ نے کہا تھا کہ وہ ہر ایک کیس پر بہت معذرت خواہ ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں