اہلیہ تشدد کیس میں جونی ڈیپ کے بیانات مکمل

اپ ڈیٹ 14 جولائ 2020
اداکار نے سابق بیوی پر تشدد کے الزامات کو مسترد کیا —فوٹو: رائٹرز
اداکار نے سابق بیوی پر تشدد کے الزامات کو مسترد کیا —فوٹو: رائٹرز

معروف ہولی وڈ اداکار 57 سالہ جونی ڈیپ نے سابق اہلیہ 34 سالہ امبر ہرڈ پر تشدد کے الزامات سے متعلق لندن میں زیر سماعت کیس میں اپنے بیانات مکمل کروادیے۔

جونی ڈیپ پہلی بار 7 جولائی کو لندن کی ہائی کورٹ میں پیش ہوئے، جہاں انہوں نے معروف برطانوی اخبار دی سن کے خلاف جھوٹا مضمون شائع کرنے پر دائر مقدمے میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔

اداکار نے اپریل 2018 میں برطانوی اخبار 'دی سن‘ کے خلاف جھوٹا مضمون لکھنے پر لندن کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔

’دی سن‘ نے اپنے مضمون میں جونی ڈیپ کو ’بیوی پر تشدد کرنے والا‘ شخص قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ کس طرح جونی ڈیپ نے اپنی اہلیہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

مضمون میں جہاں جونی ڈیپ کو بیوی پر تشدد کرنے والے شخص کے طور پر پیش کیا گیا، وہیں ان کی سابق اہلیہ امبر ہرڈ کو ایک مظلوم خاتون کے طور پر بھی پیش کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’بیوی پر تشدد کرنے والا‘ لکھنے پر جونی ڈیپ کا برطانوی اخبار پر مقدمہ

اخبار کی جانب سے مضمون شائع کیے جانے کے بعد جونی ڈیپ نے اخبار کے خلاف برطانوی عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے اخبار کے خلاف 2 لاکھ یورو ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کیا تھا۔

سماعتوں پر امبر ہرڈ بھی موجود رہی—فوٹو: رائٹرز
سماعتوں پر امبر ہرڈ بھی موجود رہی—فوٹو: رائٹرز

اسی کیس کو خارج کروانے کے لیے دی سن نے عدالت میں درخواست بھی دائر کی تھی مگر عدالت نے اخبار کی درخواست مسترد کردی تھی۔

مذکورہ کیس میں جونی ڈیپ کی حمایت میں متعدد خواتین نے بھی بیانات ریکارڈ کرواتے ہوئے عدالت کو بتایا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی اداکار کو تشدد کرتے نہیں دیکھا۔

اسی کیس کی پہلی سماعت میں 7 جولائی کو جونی ڈیپ نے ایک بار پھر سابق بیوی امبر ہرڈ پر تشدد کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے عدالت کو بتایا تھا کہ ان سے نصف عمر چھوٹی اداکارہ نے ایجنڈا کے تحت ان سے شادی کرکے دولت اور شہرت بٹوری۔

مزید پڑھیں: برطانوی اخبار جونی ڈیپ کے دائر مقدمے کو ختم کرانے کا خواہاں

اداکار نے امبر ہرڈ پر تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ الٹا انہیں سابق بیوی تشدد کا نشانہ بناتی تھی۔

سات جولائی کے بعد جونی ڈیپ نے 14 جولائی تک اپنے بیانات اور قسم نامے مکمل کیے اور انہوں نے ہر سماعت میں امبر ہرڈ پر تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سابق بیوی ان پر تشدد کرتی رہی ہیں۔

سماعتوں کے دوران عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ جونی ڈیپ نے امبر ہرڈ کو 2013 سے 2016 تک مختلف ممالک اور مواقع پر کم از کم 14 بار تشدد کا نشانہ بنایا۔

جونی ڈٰیپ نے دعویٰ کیا کہ انہیں بیوی تشدد کا نشانہ بناتی رہی ہیں—فوٹو: اے پی
جونی ڈٰیپ نے دعویٰ کیا کہ انہیں بیوی تشدد کا نشانہ بناتی رہی ہیں—فوٹو: اے پی

سماعتوں کے دوران عدالت کو یہ بھی آگاہ کیا گیا تھا کہ جونی ڈیپ سے شادی کے ابتدائی ایام میں ہی امبر ہرڈ نے کاریں اور سائنسی آلات بنانے والی نجی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک سے ناجائز تعلقات استوار کرلیے تھے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ امبر ہرڈ نے ایلون مسک کے علاوہ ایک اور ساتھی اداکار جیمز فرانکو سے بھی شادی کے فوری بعد ہی تعلقات استوار کرلیے تھے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے بتایا کہ جونی ڈیپ نے 7 جولائی سے 14 جولائی تک سماعتوں میں اپنے بیانات ریکارڈ کرواتے ہوئے امبر ہرڈ کے تمام الزامات کو مسترد کیا۔

رپورٹ کے مطابق اداکار نے سماعتوں کے دوران دعویٰ کیا کہ وہ نہیں بلکہ امبر ہرڈ ان پر تشدد کرتی رہی ہیں۔

اپنے بیانات مکمل کرتے ہوئے جونی ڈیپ نے کہا کہ 2016 میں جب انہیں ایک دن معلوم ہوا کہ ان کے سابق مینیجر کی نااہلی کی وجہ سے انہیں 65 کروڑ امریکی ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور ساتھ ہی ان پر 17 سال تک ٹیکس ادا نہ کرنے کی وجہ سے مزید 10 کروڑ ڈالر کا جرمانہ بھی ہوا ہے، اسی دن امبر ہرڈ نے انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

اب آئندہ ہفتے سے امبر ہرڈ بیانات ریکارڈ کروائیں گی—فوٹو: اے پی
اب آئندہ ہفتے سے امبر ہرڈ بیانات ریکارڈ کروائیں گی—فوٹو: اے پی

رائٹرز کے مطابق جونی ڈیپ کی جانب سے بیانات مکمل کیے جانے کے بعد اب امبر ہرڈ کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے اور ممکنہ طور پر آئندہ ہفتے اداکارہ اپنے بیانات ریکارڈ کروائیں گی۔

امبر ہرڈ کے بیانات ریکارڈ کروانے کی سماعتیں بھی ایک ہفتے تک چلنے کا امکان ہے، جس کے بعد ممکنہ طور پر عدالت تیسرے ہفتے میں فیصلہ سنانے کی تاریخ کا اعلان کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: امبر ہرڈ نے ایجنڈا کے تحت مجھ سے شادی کرکے دولت و شہرت بٹوری، جونی ڈیپ

اگر جونی ڈیپ پر لگائے گئے الزامات جھوٹے نکلے تو برطانوی اخبار کو 2 لاکھ یورو کا جرمانہ ادا کرنے سمیت عدالت کی جانب سے سخت احکامات سنائے جا سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں جونی ڈیپ نے سابق اہلیہ امبر ہرڈ پر بھی امریکی عدالت میں 5 کروڑ ڈالر کے ہرجانے کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔

جونی ڈیپ نے امبر ہرڈ پر تشدد کے جھوٹے الزامات لگانے کے تحت ہرجانے کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔

اداکار نے سابق اہلیہ امبر ہرڈ اور برطانوی اخبار کے خلاف 2018 میں مقدمات دائر کیے تھے۔

یہ مقدمات اس وقت دائر کیے گئے جب اداکارہ نے سابق شوہر پر تشدد کے الزامات لگا کر ان سے طلاق لی اور اخبار نے بھی جونی ڈیپ کے خلاف مضمون لکھتے ہوئے انہیں بیوی پر تشدد کرنے والا شخص قرار دیا تھا۔

امبر ہرڈ نے 2016 میں جونی ڈیپ پر تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی تھی۔

57 سالہ جونی ڈیپ اور 34 سالہ امبر ہرڈ کے درمیان 2011 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور دونوں نے فروری 2015 میں شادی کی تھی۔

دونوں نے 2015 میں شادی کی تھی—فوٹو: دی مرر
دونوں نے 2015 میں شادی کی تھی—فوٹو: دی مرر

تبصرے (0) بند ہیں