بھارت: کورونا کے کیسز میں اضافے کے بعد متعدد ریاستوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ

اپ ڈیٹ 15 جولائ 2020
حکام نے بتایا کہ دو تھائی متاثرہ مریض صحتیاب ہو کر ہسپتال سے جا چکے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
حکام نے بتایا کہ دو تھائی متاثرہ مریض صحتیاب ہو کر ہسپتال سے جا چکے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارتی حکومت نے متعدد ریاستوں میں کورونا وائرس کے کیسز منظر عام پر آنےکے بعد وہاں دوبارہ جزوی لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور تشویش ناک بات اس وقت سامنے آئی جب 3 دن میں ایک لاکھ افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: روس، بھارت میں ریکارڈ اموات اور کیسز

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق بھارت بھی ان ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے جہاں کے شہروں میں دوبارہ لاک ڈاؤن لگایا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔

بھارتی حکام کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 36 ہزار ہوچکی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹےکے دوران 30 ہزار نئے کیسز منظر عام پر آچکے ہیں۔

فراہم کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت ان تین ممالک میں شامل ہوگیا جہاں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، اور اس نے برازیل اور امریکا کو پیچھے چھوڑ دیا۔

بھارت کی وزارت صحت نے زور دیا ہے کہ وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد تصدیق شدہ فعال کیسز کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دو تہائی متاثرہ مریض صحتیاب ہو کر ہسپتال سے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: ایک روز میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 22 ہزار کیسز سامنے آگئے

کرسچن میڈیکل کالج کے وابستہ طبی ماہر پرکاش ملیئل نے خبردار کیا کہ دیہی علاقوں میں اموات کی اطلاع فراہم کرنے کا میکینزم نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں اصل اموات کہیں زیادہ ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے غیرملکی خبررساں ادارے 'اے پی' کو بتایا 'ہمارے پاس بنیادی ڈھانچہ نہیں ہے'۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے بھارت میں 24 ہزار افراد جبکہ دنیا بھر میں ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ماہرین نے بتایا کہ بھارت کے مختلف حصوں میں متعدد مرتبہ کورونا وائرس کی لہر جنم لے گی۔

بھارت کا جنوبی شہر بنگلورو وائرس سے شدید متاثر ہوا ہے جس کے بعد حکام نے گزشتہ روز شامل 8 بجے سے 7 دن کے لیے لاک ڈاؤن لگا دیا ہے۔

بنگلورو میں ہنگامی صورتحال کے علاوہ نقل و حمل پر پابندی ہے اور صرف ضروری سامان فروخت کرنے والی دکانوں کو ہی کھولنے کی اجازت ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد چین سے زیادہ ہوگئی

دوسری طرف بھارت کی غریب ترین ریاست بہار میں جمعرات سے لاک ڈاؤن شروع ہوجائے گا جو 15 روز تک جاری رہےگا۔

یاد رہے کہ بھارت نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 10 مارچ سے ’دنیا کا سب سے سخت‘ لاک ڈؤن نافذ کیا تھا جس میں معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مرحلہ وار نرمی کی گئی۔

ماہرین وبائیات نے بھی خبردار کیا تھا کہ بھارت میں کورونا کا عروج آئندہ ہفتوں یا مہینوں میں سامنے آسکتا ہے جس کی وجہ سے ملک کا نظامِ صحت جو پہلے ہی کافی بوجھ برداشت کررہا ہے مزید دباؤ میں آجائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں