• KHI: Fajr 5:45am Sunrise 7:06am
  • LHR: Fajr 5:24am Sunrise 6:51am
  • ISB: Fajr 5:33am Sunrise 7:02am
  • KHI: Fajr 5:45am Sunrise 7:06am
  • LHR: Fajr 5:24am Sunrise 6:51am
  • ISB: Fajr 5:33am Sunrise 7:02am

کورونا وائرس کے باعث ٹی20 ورلڈ کپ ملتوی

شائع July 20, 2020 اپ ڈیٹ July 29, 2020
ٹی20 ورلڈ کپ کو کورونا وائرس کے باعث ملتوی کردیا گیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
ٹی20 ورلڈ کپ کو کورونا وائرس کے باعث ملتوی کردیا گیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کورونا وائرس کی وبا کے سبب ٹی20 ورلڈ کپ ملتوی کردیا ہے۔

ٹی20 ورلڈ کپ رواں سال اکتوبر نومبر میں آسٹریلوی سرزمین پر ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کی وبا کے باعث غیریقینی صورتحال کو دیکھتے ہوئے متفقہ طور پر ایونٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کے باعث اولمپکس 2020 اگلے سال تک ملتوی

آئی سی سی بورڈ نے ایونٹ کو ملتوی کرنے کے ساتھ ساتھ ایونٹ کے 2021 اور اس سے اگلا ایونٹ 2022 میں منعقد کرانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

بھارت کو 2021 ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے لیکن ابھی تک یہ فیصلہ نہیں ہو سکا کہ 2021 کے ایونٹ کی میزبانی بھارت کرے گا یا آسٹریلیا تاہم کرکٹ آسٹریلیا نے امید ظاہر کی ہے کہ انہیں اس سلسلے میں ترجیح دی جائے گی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ آئندہ سال فروری میں نیوزی لینڈ نے ویمن ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے لیکن ابھی اسے ملتوی نہیں کیا گیا اور آئی سی سی نے امید ظاہر کی کہ یہ ایونٹ شیڈول کے مطابق منعقد ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کے سبب یورو کپ اور کوپا امریکا ایک سال کیلئے مؤخر

کورونا کی وبا اور تاحال کوئی ویکسین یا علاج دریافت نہ ہونے کے سبب خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ جلد ہی 16 ٹیموں پر مشتمل اس ایونٹ کے التوا کا اعلان کردیا جائے گا۔

ایونٹ کے التوا کے امکانات اس وقت زیادہ بڑھ گئے تھے جب جون میں کرکٹ آسٹریلیا کے ایرل ایڈنگز نے ایونٹ کے انعقاد کی صورت میں انتہائی خطرے کا عندیا دیا تھا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی نے بھی کہا تھا کہ ٹی20 ورلڈ کب کا انعقاد غیرحقیقی محسوس ہوتا ہے۔

دنیا کے دیگر ملکوں کی نسبت آسٹریلیا کورونا وائرس سے کم متاثر ہوا ہے اور وہاں اس وقت 3 ہزار 26 فعال کیسز موجود ہیں البتہ خطرے کے سبب میلبرن اور اس کے گرد و نواح میں دوبارہ لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے جبکہ نیو ساؤتھ ویلز میں بھی کیسز بڑھ رہے ہیں۔

ایونٹ میں شریک ہونے والے ملکوں میں بھارت، جنوبی افریقہ اور پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور ایسے میں دنیا کی 16 ٹیموں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا انتہائی مشکل اور خطرہ بہت زیادہ ہے۔

مزید پڑھیں: جنگ عظیم دوئم کے بعد پہلی مرتبہ ومبلڈن اوپن منسوخ

پیر کو منعقد اجلاس میں آئی سی سی کے قائم مقام چیئرمین عمران خواجہ اور بی سی سی آئی کے سربراہ سارو گنگولی سمیت تمام ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کے سبب دنیا کی دیگر سرگرمیوں کی طرح کھیلوں کی صنعت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور رواں سال شیڈول تمام کھیلوں کے مقابلے ملتوی کردیے گئے تھے۔

کورونا وائرس کے سبب اولمپکس 2020، یورو کپ ٹی20، کنفیڈریشن کپ، ومبلڈن اوپن اور دیگر اہم مقابلے ملتوی کیے جا چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 9 دسمبر 2024
کارٹون : 8 دسمبر 2024