کیچ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے سیکیورٹی اہلکار شہید، 3 زخمی

اپ ڈیٹ 26 جولائ 2020
دہشت گردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک جاوید کریم شہید ہوئے، ترجمان پاک فوج — فوٹو: آئی ایس پی آر
دہشت گردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک جاوید کریم شہید ہوئے، ترجمان پاک فوج — فوٹو: آئی ایس پی آر

بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے کیچ کے علاقے پدارک میں معمول کے گشت کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک جاوید کریم شہید اور 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجگور میں سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ، 3 جوان شہید، 8 زخمی

ایف سی کی کارروائی میں بی ایل اے کا دہشت گرد ہلاک

بعد ازاں سیکیورٹی فورسز نے ضلع تربت میں کارروائی کرکے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنادی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے تحصیل بلیدا میں دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانے پر کارروائی کرکے ہتھیار اور ریموٹ کنٹرول ڈیوائس برآمد کرلی۔

بیان میں کہا گیا کہ فرنٹیئر کور (ایف سی) کی کارروائی میں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کا اہم دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ و بارودی مواد، ریموٹ کنٹرول ڈیوائس اور دہشت گردی میں استعمال ہونے والا دیگر سامان برآمد کرلیا۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

21 جولائی کو بلوچستان کے شہر تربت کے بازار میں دھماکے کے نتیجے میں ایک فرد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

دھماکے سے نہ صرف قریبی گاڑیوں کو نقصان پہنچا بلکہ کچھ دکانوں میں آگ بھی لگ گئی۔

پولیس کے مطابق شرپسندوں نے ایک موٹر سائیکل میں امپرووائزڈ ایکسپلوزو ڈیوائس (آئی ای ڈی) نصب کی تھی جیسے انہوں نے تربت میں دکانوں کے باہر کھڑا کرکے دھماکے سے اڑا دیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: دہشت گردی کے 2 واقعات میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید

قبل ازیں 14 جولائی کو پنجگور میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 جوان شہید اور 8 زخمی ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی پیٹرولنگ پارٹی پر وادی گیچَک کے قریب فائرنگ کی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں