جسمانی بو کو ناگوار بنانے والی وجہ دریافت ہوگئی

28 جولائ 2020
یہ بات ایک تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

ویسے تو ہر انسان کی ایک مخصوص جسمانی بو ہوتی ہے مگر کچھ لوگوں میں وہ بہت زیادہ ناگوار ہوتی ہے اور سائنسدانوں نے پہلی اس کے پیچھے چھپی وجہ دریافت کرلی ہے۔

سائنسدانوں نے ایک ایسا منفرد انزائمے دریافت کیا ہے جو جسمانی بو کا ذمہ دار ہوتا ہے۔

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

یورک یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے محققین ماضی میں یہ ثابت کرچکے تھے کہ بغلوں میں موجود کچھ بیکٹریا ناگوار جسمانی بو کے اصل ذمہ دار ہوتے ہیں۔

اب اسی ٹیم نے ایک قدم آگے جاکر ایک منفرد انزائمے دریافت کیا ہے جو صرف ان مخصوص بیکٹریا میں ہوتا ہے جو ناگوار بو کا باعث بنتے ہیں۔

اس نئی تحقیق میں اس مخصوص بیکٹریا پر روشنی ڈالی گئی جو اس مخصوص انزائمے کے ذریعے ایسے مالیکیولز بناتے ہیں جو جسمانی بو کی شدت بڑھاتے ہیں۔

محققین کا کہنا تھا کہ اس انزائمے کی ساخت سے ہمیں مخصوص بیکٹریا کے اندر مالیکیول کی نشاندہی میں مدد ملی جو بدبو کا باعث بنتے ہیں، یہ ایک اہم پیشرفت ہے جس سے جسم کے اس نظام کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے اور اس کی روک تھام کے لیے حکمت عملی مرتب کرنا ممکن ہوسکے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ انزائمے ہزاروں لاکھوں سال پہلے سے موجود ہیں اور ممکنہ طور پر انسانوں کے آباؤ اجداد کے سماجی تعلقات میں اس نے کردار ادا کیا ہوگا۔

محققین کا کہنا تھا کہ نتائج آنکھیں کھول دینے والے ہیں اور اس انزائمے کی دریافت مسحور کردینے والی ہے جو صرف چند مخصوص بیکٹریا میں پایا جاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں