پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ سامنے آنے والے کیسز میں کمی آئی ہے تاہم وبا کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے جبکہ سندھ میں 4 ماہ بعد گزشتہ 24 گھنٹے میں 200 سے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 سے اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 79 ہزار 857 ہوگئی ہے جن میں سے 5 ہزار 977 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

یکم اگست کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 558 مریض اور 6 اموات رپورٹ ہوئیں تھی، تاہم حکومت کی جانب سے ہفتہ تک مزید صحتیاب ہونے والوں سے متعلق تازہ اعداد و شمار فراہم نہیں کی گئے جس کے باعث یہ تعداد 2 لاکھ 47 ہزار 577 پر برقرار ہے۔

ملک میں بڑی تعداد میں لوگوں کے شفایاب ہونے سے مجموعی متاثرین میں سے تقریباً 88 فیصد لوگ صحتیاب ہوگئے اور فعال کیسز صرف 25 ہزار 303 رہ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا، ان 5 مہینوں میں مئی اور جون کے دوران وبائی صورتحال خاصی تشویشناک رہی تاہم جولائی کے آغاز سے ملک میں یومیہ کیسز کی تعداد میں کمی سامنے آنے لگی۔

آج ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ کے دفتر سے جاری بیان میں صوبے میں کورونا وائرس کے 177 نئے کیسز اور ایک ہلاکت کی تصدیق کی گئی۔

یہ اپریل کے بعد پہلی مرتبہ ہے جب سندھ میں وبا کے ایک روز میں 200 سے کم کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ صوبے میں آخری مرتبہ مئی میں ایک روز میں 10 سے کم اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔

اس اضافے کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 21 ہزار 486 جبکہ اموات 2 ہزار 224 ہوگئی ہیں۔

پنجاب

علاوہ ازیں صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے صوبے میں کورونا کے مزید 116 کیسز کی تصدیق کردی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 93 ہزار 173 ہوگئی۔

صوبے میں وائرس سے مزید 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 2 ہزار 144 ہوگئی۔

بیان میں کہا گیا تھاکہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار 334 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 48 گھنٹے کے دوران مجموعی طور پر 38 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس ضمن میں حکام نے بتایا کہ اسلام آباد میں کیسز میں بتدریج کمی آرہی ہے۔

گلگت بلتستان

علاوہ ازیں گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے 52 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

گلگت بلتستان میں گزشتہ 48 گھنٹے کے دوران مذکورہ کیسز رپورٹ ہوئے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے گزشتہ 48 گھنٹے کے دوران مجموعی طور پر 13 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق آزاد کشمیر میں وائرس سے ایک شخص کی موت بھی ریکارڈ کی گئی۔

خیبر پختونخوا

یکم اگست تک محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 104 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 34 ہزار 160 ہوگئی تھی۔

صوبے میں مزید ایک مریض زندگی کی بازی ہار گیا جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 1200 ہوگئی تھی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

**مصدقہ کیسز: 279857

اموات: 5977

صحتیاب: 248577

فعال کیسز: 25303

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 21 ہزار 486 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 93 ہزار 173 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 160 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 743 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار52، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 86اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 157فراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2224

پنجاب: 2144

خیبرپختونخوا: 1200

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 165

آزاد کشمیر: 53

گلگت بلتستان: 55

پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات ساڑھے 5 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں