بیروت دھماکے میں زخمی ہونے والی لبنانی اداکارہ کی 6 گھنٹے طویل سرجری

اپ ڈیٹ 07 اگست 2020
اداکارہ کے مطابق ان کا آدھا چہرہ اور آدھا جسم خون آلود تھا —فوٹو: سوشل میڈیا
اداکارہ کے مطابق ان کا آدھا چہرہ اور آدھا جسم خون آلود تھا —فوٹو: سوشل میڈیا

لبنانی اداکارہ نادین نسیب نجیم نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں انکشاف کیا ہے کہ 4 اگست کو بیروت میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئیں جس کے بعد ان کی 6 گھنٹے طویل سرجری بھی ہوئی۔

خیال رہے کہ 4 اگست کو مشرق وسطیٰ کے ملک لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد 157 تک جا پہنچی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

دھماکا بیروت کی بندرگاہ پر ہوا تھا اور اس سے بندرگاہ کے قریبی علاقوں کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا جس کا تخمینہ تقریبا 5 ارب ڈالر لگایا جا رہا ہے۔

بیروت میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں درجنوں عمارتیں منہدم ہوگئیں، درجنوں گاڑیاں اور دیگر تنصیبات بھی شدید متاثر ہوئیں۔

مزید پڑھیں: جب شادی کے فوٹوشوٹ کے دوران بیروت دھماکوں سے لرز اٹھا

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ ان کی آوازیں پڑوسی ملک اسرائیل کے شہر قبرص تک سنی گئیں اور اسے ہیروشیما اور ناگا ساکی کے دھماکوں کے بعد بدترین دھماکا قرار دیا جارہا ہے۔

بیروت میں ہونے والے دھماکے میں جہاں ہزاروں افراد زخمی ہوئے ان میں لبنانی اداکارہ بھی شامل تھیں اور وہ شدید زخمی بھی ہوئیں۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے سے متعلق اداکارہ نادین نسیب نجیم نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ 'میرا آدھا چہرہ اور آدھا جسم خون آلود تھا'۔

اداکارہ نے لکھا کہ میں سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں جس نے میری زندگی بچائی، دھماکا بہت قریب ہوا تھا اور جو مناظر آپ دیکھ رہے ہیں ان سے درست اندازہ نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اگر آپ میرے گھر آئیں اور ہر جگہ خون دیکھیں تو حیران رہ جائیں گے کہ ہم ابھی تک کیسے تک زندہ ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

لبنانی اداکارہ کی جانب سے شیئر کیے گئے ویڈیو کلپ میں ان کے گھر میں ٹوٹے ہوئے شیشے، دیواروں میں دراڑیں پڑی تھیں اور ٹوٹا ہوا فرنیچر ہر جگہ موجود تھا۔

خیال رہے کہ وہ بیروت کی ساحلی بندرگاہ کے قریب رہتی ہیں جہاں دھماکا ہوا تھا، انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے تباہ حال اپارٹمنٹ کی ویڈیو بھی شیئر کی۔

یہ بھی پڑھیں: بیروت دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 135 سے تجاوز کر گئی، 5 ہزار زخمی

لبنانی اداکارہ کی پوسٹ کے مطابق وہ زخمی حالت میں عمارت کی 22 منزلوں سے ننگے پاؤں خود نیچے پہنچیں اور گاڑی میں بیٹھے ایک شخص سے مدد طلب کی۔

اداکارہ بیروت کی ساحلی بندرگاہ کے قریب رہتی ہیں —فوٹو:انسٹاگرام
اداکارہ بیروت کی ساحلی بندرگاہ کے قریب رہتی ہیں —فوٹو:انسٹاگرام

ان کا کہنا تھا کہ ’اس شخص نے مجھے قریبی ہسپتال پہنچایا لیکن انہوں نے مجھے داخل کرنے سے انکار کر دیا تھا کیونکہ وہ پہلے ہی زخمی لوگوں سے بھرا ہوا تھا۔

اداکارہ نے لکھا کہ پھر اس شخص نے مجھے ایک اور ہسپتال پہنچایا جہاں مجھے فوراً داخل کیا گیا اور 6 گھنٹوں تک میرا آپریشن جاری رہا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

36 سالہ نادین نجیم نے مزید لکھا کہ دھماکوں کے وقت ان کے دونوں بچے ان کے ساتھ نہیں تھے، وہ ’ٹھیک اور محفوظ ہیں‘۔

نادین نسیب نجیم کے علاوہ متعدد لبنانی شخصیات نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے تباہ شدہ گھروں کی ویڈیوز شیئر کیں۔

لبنانی گلوکارہ ہائفہ وہبی نے انسٹاگرام اسٹوریز میں دھماکے سے متاثر ہونے والے گھر کی ویڈیو شیئر کی، انہوں نے لکھا کہ اللہ کا شکر ہم سب ٹھیک ہیں، میرا گھر دھماکے کے مقام سے بہت قریب واقع ہے۔

مزید پڑھیں: بیروت دھماکا: امونیم نائٹریٹ نے لبنان کو کیسے خون میں نہلایا

انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں ان کا ملازم زخمی ہوا جسے سر اور آنکھوں پر چوٹیں آئیں اور انسٹاگرام فالورز سے انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست کی۔

لبنانی گلوکار رامی عیاش کی اہلیہ اور فیشن ڈیزائنر دالیدا عیاش کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر زیر گردش رہی جو دھماکے میں بھی زخمی ہوئیں اور انہیں علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا تھا۔

علاوہ ازیں گلوکارہ الیسا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دھماکے کے بعد اپنے گھر کی تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ دھماکے سے دھاتوں اور املاک کو نقصان پہنچا، لیکن جو لوگ جان سے چلے گئے انہیں کون واپس لائے گا، بیروت کو کون واپس لائے گا؟

بیروت میں ہونے والے دھماکے سے گلوکار راغب علامہ کا گھر بھی متاثر ہوا لیکن وہ اپنے خاندان کے ساتھ شہر سے باہر تھے۔

اس دھماکے کے نتیجے میں کئی فیشن ڈیزائنرز کے اسٹوڈیوز کو بھی نقصان پہنچا جن میں رابح کیروز اور رالف ماسری کے فلیگ شپ اسٹورز بھی شامل ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں