ایران نے آبنائے ہرمز کے قریب بحری جہاز کو قبضے میں لیا، امریکا کا الزام

13 اگست 2020
امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس آپریشن کی بلیک اینڈ وائٹ ویڈیو جاری کردی۔ فوٹو: اے پی
امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس آپریشن کی بلیک اینڈ وائٹ ویڈیو جاری کردی۔ فوٹو: اے پی

امریکی فوجی عہدیدار نے بتایا ہے کہ ایرانی بحریہ نے تہران اور امریکا کے درمیان سخت کشیدگی کے دوران آبنائے ہرمز کے قریب لائبیریا کے جھنڈے والے تیل کے جہاز پر مختصر وقت کے لیے قبضہ کیا تھا۔

امریکی خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے ایک بلیک اینڈ وائٹ ویڈیو شائع کی جس میں دکھایا گیا ہے کہ اسپیشل فورسز ایم وی ولا پر ہیلی کاپٹر سے ایک رسی کے ذریعے تیزی سے نیچے اتر رہے ہیں جن کی آخری پوزیشن شہر کے قریب متحدہ عرب امارات کے مشرقی ساحل سے دور خورفکن میں دکھائی دیتی ہے۔

ایک امریکی فوجی اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایرانی بحریہ نے جہاز کو چھوڑنے سے قبل تقریباً 5 گھنٹوں کے لیے اسے قبضے میں لیے رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ویلا نے قبضے کے دوران یا اس کے بعد بھی کسی قسم کی مدد کے لیے کال نہیں کی۔

مزید پڑھیں: ایران کی ردعمل میں برطانوی آئل ٹینکر قبضے میں لینے کی دھمکی

اس آپریشن میں ملوث ایرانی ہیلی کاپٹر اسکورسکی ایس ایچ 3 دکھائی دے رہا تھا جسے سمندر کا بادشاہ (سی کنگ) بھی کہا جاتا ہے جو صرف ایران کی بحریہ ہی کے پاس ہے۔

ایرانی بحریہ آبنائے ہرمز کے مشرقی کنارے پر خلیج عمان میں تمام آپریشنز دیکھتی ہے جہاں سے دنیا بھر کے لیے تیل کی تمام تجارت کا بیس فیصد حصے کا گزر ہوتا ہے۔

سینٹرل کمانڈ نے بتایا کہ دو دیگر ایرانی بحری جہازوں نے بھی اس قبضے میں حصہ لیا۔

تاہم امریکی فوجی عہدیداروں نے ایران کی جانب سے جہاز کو ضبط کرنے کی کوئی وجہ پیش نہیں کی گئی۔

دوسری جانب ایران کے سرکاری میڈیا اور عہدیداروں نے فوری طور پر اس کارروائی کو تسلیم نہیں کیا اور نہ ہی اس کی کوئی وجہ پیش کی۔

متحدہ عرب امارات، جو جزیرہ نما عرب پر واقع سات ممالک پر مشتمل امریکا کا اتحادی خطہ ہے، کے حکام نے معاملے پر رائے دینے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔

یہ بھی پڑھیں: آئل ٹینکر حملوں کا ذمہ دار ایران ہے، امریکا کا الزام

اقوام متحدہ کے ریکارڈ کے مطابق ولی کی رجسٹرڈ مالک، ایک بینڈٹ شپنگ کے نام سے ایک لائبیریا کی کمپنی ہے جو یونانی فرم آئی ایم ایس ایس اے کے زیر انتظام ہے۔

رائے کے لیے فوری طور پر کسی بھی کمپنی تک رابطہ قائم نہیں ہوسکا۔

نجی سمندری انٹلیجنس فرم ڈرائیڈ گلوبل نے کہا کہ اس کو شبہ ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران خلیج فارس میں ایران کے پیراملٹری پاسداران انقلاب کی جانب سے ایران کے دو دیگر جہازوں کو بھی جہازوں کے رویے کی بنیاد پر ہراساں کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان گزشتہ سال 2015 کے جوہری معاہدے سے امریکا کی جانب سے یکطرفہ طور پر دستبرداری کے معاملے پر کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا جس کی وجہ سے مشرق وسطی کے پانیوں پر آئل سے بھرے جہاز ہدف بنتے ہیں۔

امریکا نے ایران پر متعدد ٹینکرز کو نشاانہ بنانے کا الزام لگایا تھا تاہم ایران نے اس میں ملوث ہونے سے انکار کیا، جبکہ اس نے متعدد ٹینکر قبضے میں لیے ہیں۔

جولائی میں ایرانی خام تیل کی اسمگلنگ کے الزام میں متحدہ عرب امارات کے ساحل سے امریکا جانے والے ٹینکر کو 'ہائی جیک' کیا گیا تھا۔

بعد ازاں یہ ایرانی پانیوں سے ملا تھا جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ایران نے ہی اس جہاز کو قبضے میں لیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں