بابر اعظم تینوں طرز کے سرفہرست 5 بلے بازوں میں شامل دنیا کے واحد کھلاڑی

اپ ڈیٹ 19 اگست 2020
بابراعظم ٹی ٹوئنٹی میں سرفہرست، ون ڈے میں تیسرے اور ٹیسٹ میں پانچویں نمبر پر ہیں—فوٹو:آئی سی سی ٹوئٹر
بابراعظم ٹی ٹوئنٹی میں سرفہرست، ون ڈے میں تیسرے اور ٹیسٹ میں پانچویں نمبر پر ہیں—فوٹو:آئی سی سی ٹوئٹر

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے اختتام پر بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ کی درجہ بندی میں ایک مرتبہ پھر پانچویں پوزیشن حاصل کرلی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری تازہ درجہ بندی کے مطابق اس وقت بابر اعظم دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں جو تینوں طرز میں سرفہرست 5 بلے بازوں میں شامل ہیں۔

بابر اعظم نے بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں محمد رضوان کے ساتھ مل کر 47 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور قومی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچالیا تھا۔

انگلینڈ کے خلاف اس اننگز کے بعد ٹیسٹ کی درجہ بندی میں ان کے پوائنٹس کی تعداد 798 ہوگئی اور انہوں نے پانچویں پوزیشن اپنے نام کرلی۔

بابراعظم 879 پوائنٹس کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میں سرفہرست بلے باز ہیں جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں 829 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، جہاں ان سے پہلے بھارت کے روہت شرما اور ویرات کوہلی براجمان ہیں۔

مزید پڑھیں: پاک-انگلینڈ دوسرا ٹیسٹ میچ بارش کے باعث برابری پر ختم

واضح رہے کہ کرکٹ کے تینوں طرز میں سرفہرست 10 بلے بازوں میں بابراعظم کے علاوہ کوئی پاکستانی بلے باز موجود نہیں ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تازہ درجہ بندی میں پاکستان کے فاسٹ باؤلر محمد عباس نے اپنی پوزیشن بہتر کرلی ہے اور 785 پوائنٹس حاصل کرکے آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔

محمد عباس سرفہرست 10 باؤلرز میں واحد پاکستانی ہیں، انہیں یہ اعزاز دوسرے ٹیسٹ میں 28 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کرنے پر ملا ہے۔

ایک روزہ کرکٹ میں محمد عامر چھٹے بہترین باؤلر ہیں اور عماد وسیم بہترین آل راؤنڈرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

عماد وسیم ٹی ٹوئنٹی کی باؤلنگ میں ساتویں نمبر پر ہیں اور شاداب خان نویں نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستانی ٹیم کی ٹیسٹ کرکٹ میں پوزیشن ساتویں ہے، ایک روزہ کرکٹ میں چھٹی اور ٹی ٹوئنٹی طرز میں چوتھی پوزیشن ہے۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم اس وقت انگلینڈ کے دورے پر موجود ہے جہاں اب تک ابتدائی دو ٹیسٹ کھیلے جاچکے ہیں اور میزبان ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل جبکہ آخری ٹیسٹ 21 اگست سے شروع ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

علی Aug 19, 2020 11:56am
ماشااللّہ بابر تینوں رب دیا راکھاں