دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ بھی کورونا وائرس کا شکار

اپ ڈیٹ 26 اگست 2020
یوسین بولٹ اپنی 34ویں سالگرہ کا جشن منانے کے بعد کورونا کا شکار ہوئے— فائل فوٹو: رائٹرز
یوسین بولٹ اپنی 34ویں سالگرہ کا جشن منانے کے بعد کورونا کا شکار ہوئے— فائل فوٹو: رائٹرز

دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں اور انہوں نے خود کو گھر میں آئسولیٹ کر لیا۔

یوسین بولٹ نے گزشتہ ہفتے ہی اپنی 34ویں سالگرہ کا جشن ماسک پہنے بغیر منایا جس کا خمیازہ انہیں کورونا وائرس کا شکار ہونے کی صورت میں بھگتنا پڑا۔

مزید پڑھیں: اینڈرسن کا نیا عالمی ریکارڈ، 600 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے پہلے فاسٹ باؤلر بن گئے

جمیکا کی وزارت صحت نے تصدیق کی کہ نامور ایتھلیٹ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں اور ان کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

یاد رہے کہ بولٹ نے اپنی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس میں انہیں بستر پر لیٹے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنا کورونا کا ٹیسٹ کرا چکے ہیں اور اب نتائج کے منتظر ہیں۔

2008، 2012 اور 2016 کے اولمپکس میں 100میٹر اور 200 میٹر کی دوڑ جیتنے والے ایتھلیٹ نے واضح کیا تھا کہ ان میں وائرس کی کسی بھی قسم کی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ماہ اگست میں بارشوں کا نیا ریکارڈ قائم

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی 34ویں سالگرہ منانے کے بعد اگلے ہی دن اپنا ٹیسٹ کرایا تھا جہاں اس سالگرہ کی تقریب میں شرکا نے 'لاک ڈاؤن' نامی گانے پر رقص کیا تھا اور اس کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوئی تھیں۔

2017 میں ریٹائر ہونے والے ایتھلیٹ نے انسٹا گرام پر پوسٹ میں کہا تھا کہ یہ ان کی سب سے بہترین سالگرہ تھی اور اپنی بیٹی کے ہمراہ تصویر بھی لگائی تھی۔

جمیکا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے اور روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 60 سے تجاوز کر گئی ہے۔

مزید پڑھیں: براعظم افریقہ 'وائلڈ پولیو' سے پاک قرار

جمیکا میں اس وقت ایک ہزار 612 مصدقہ کیسز ہیں جس میں 622 فعال کیسز ہیں جبکہ 16 افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔

یاد رہے کہ تین سال قبل ریٹائر ہونے کے باوجود یوسین بولٹ 100 میٹر اور 200 میٹر کی ریس کے عالمی ریکارڈ کے مالک ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں