نئے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی روک تھام کے لیے فیس ماسک کا استعمال دنیا کے بیشتر حصوں میں لازمی قرار دیا جاچکا ہے اور اس کو دیکھتے ہوئے جنوبی کورین کمپنی ایل جی نے ایک ایئر پیوریفائنگ ماسک متعارف کرایا ہے۔

اس فیس ماسک کو ایل جی کی جانب سے آئندہ ہفتے برلن میں شیڈول آئی ایف اے ٹیکنالوجی نمائش میں پیش کیا جائے گا۔

ایل جی نے اس فیس ماسک میں 2 معیاری ہیپا فلٹرز شامل کیے ہیں جو ہوا میں موجود 99.97 فیصد ذرات کو نکال دیتے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے دستیابی کی تاریخ اور قیمت کا اعلان تو نہیں کیا گیا مگر ڈیوائس کے حوالے سے تفصیلات ضرور جاری کی گئی ہیں۔

اس ماسک میں 820 ایم اے ایچ بیٹری والی پاور والے 2 پنکھے فلٹرز کے ساتھ دیئے گئے ہیں اور بہت زیادہ استعمال پر بیٹری 2 گھنٹے جبکہ کم استعمال پر 8 گھنٹے تک کام کرتی ہے۔

کمپنی کے مطابق 2 پنکھوں کے ساتھ یہ ویئرایبل ایئر پیوریفائر سے صارفین کو صاف اور فلٹر شدہ ہوا ملتی ہے، پنکھوں کی رفتار کو اپنی پسند کے مطابق بدلا جاسکتا ہے۔

فوٹو بشکریہ ایل جی
فوٹو بشکریہ ایل جی

اس ماسک کے ساتھ ایک کیس بھی ہوگا جو بیٹری چارج کرنے کے ساتھ ساتھ یو وی لائٹس کی مدد سے جراثیموں سے پاک بھی کرے گا۔

کمپنی کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ دیگر عام فیس ماسکس کے مقابلے میں یہ ڈیوائس کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کتنی موثر ثابت ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں