کورونا کے باوجود ایم ٹی وی میوزک ایوارڈ کی تقریب

اپ ڈیٹ 31 اگست 2020
لیڈی گاگا نے آرٹسٹ آف دی ایئر سمیت 4 ایوارڈ اپنے نام کیے—فوٹو: رائٹرز
لیڈی گاگا نے آرٹسٹ آف دی ایئر سمیت 4 ایوارڈ اپنے نام کیے—فوٹو: رائٹرز

دنیا بھر میں اگرچہ کورونا وائرس کے کیسز تاحال بڑھ رہے ہیں تاہم اس باوجود کئی ممالک میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔

ایسے ہی ممالک میں امریکا بھی شامل ہے، جہاں تاحال نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں لیکن اس کے باوجود وہاں سینما ہالز کھولنے سمیت میوزک ایوارڈز کی تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا۔

امریکا کی متعدد ریاستوں میں رواں ماہ کے آغاز میں ہی سینما ہاؤسز کھل گئے تھے اور 30 اگست کو امریکا میں کورونا کے باوجود اس سال کی پہلی ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایم ٹی وی نیٹ ورک کی جانب سے ہر سال اگست کے آخر میں منعقد کیے جانے والے ایم ٹی وی میوزک ویڈیو ایوارڈ کی تقریب 30 اگست کو منعقد کی گئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایم ٹی وی میوزک ایوارڈ کی تقریب کورونا سے امریکا کے متاثر سب سے بڑے علاقے نیویارک سٹی میں منعقد کی گئی تاہم تقریب شائقین کے بغیر ہی منعقد کی گئی۔

میوزک ایوارڈ تقریب میں لیڈی گاگا سمیت کئی معروف فنکاروں نے پرفارمنس بھی دی اور دوران پرفارمنس انہوں نے فیس ماسک بھی پہن رکھے تھے۔

ایم ٹی وی میوزک ایوارڈ کی رواں سال 36 ویں سالانہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں لیڈی گاگا نے بڑے ایوارڈ سمیت مجموعی طور پر 4 ایوارڈز اپنے نام کرکے میلہ لوٹ لیا۔

لیڈی گاگا کو آرٹسٹ آف دی ایئر اور سانگ آف دی ایئر سمیت مجموعی طور پر 4 ایوارڈز دیے گئے اور انہوں نے دو ایوارڈز گلوکارہ آریانا گرانڈے کے ساتھ مشترکہ جیتے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ملک امریکا میں سینما کھل گئے

تقریب میں مجموعی طور پر 23 کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے گئے جس میں سے تین ایوارڈ جنوبی کورین میوزیکل گروپ بی ٹی ایس لے اڑا۔

اسی طرح امریکی گلوکارہ مائلی سائرس بھی دو ایوارڈز لے اڑیں، جب کہ ٹیلر سوئفٹ اور دعا لیپا بھی ایک ایوارڈ لے اڑیں۔

گلوکارہ آریانا گرانڈے نے بھی تین ایوارڈز اپنے نام کیے مگر انہیں تینوں ایوارڈز مشترکہ طور پر دیے گئے جن میں سے دو ایوارڈز انہوں نے لیڈی گاگا کے ساتھ جیتے۔

آریانا گرانڈے نے تیسرا ایوارڈ پاپ گلوکار جسٹن بیبر کے ساتھ جیتا۔

ایم ٹی وی میوزک ایوارڈ کی تقریب رواں سال امریکا میں ہونے والی اب تک کی پہلی تقریب ہے اور اب خیال کیا جا رہا ہے کہ دوسرے ایوارڈز کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں