مرنے سے قبل چیڈوک بوسمین کی جانب سے خفیہ شادی کرنے کا انکشاف

اپ ڈیٹ 31 اگست 2020
رپورٹ کے مطابق دونوں نے اکتوبر 2019 میں منگنی کی تھی — فائل فوٹو: اے پی
رپورٹ کے مطابق دونوں نے اکتوبر 2019 میں منگنی کی تھی — فائل فوٹو: اے پی

رواں ماہ 29 اگست کو آنتوں کے کینسر کے باعث محض 43 سال کی عمر میں چل بسنے والے ہولی وڈ اداکار چیڈوک بوسمین کی خفیہ شادی کے انکشاف نے ان کے مداحوں کو حیران کردیا۔

چیڈوک بوسمین میں 2016 میں تیسرے اسٹیج کے آنتوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور اس کے باوجود وہ علاج کے دوران فلموں کی شوٹنگ میں مصروف دکھائی دیتے رہے تھے۔

چیڈوک بوسمین کی کامیاب ترین فلم 'بلیک پینتھر' بھی ان میں بیماری میں تشخیص کے بعد 2018 میں ریلیز ہوئی تھی اور انہوں نے دوران علاج اسی فلم کی شوٹنگ میں حصہ لیا تھا۔

چیڈوک بوسمین نے 'بلیک پینتھر' میں 'بلیک پینتھر' کا مرکزی کردار ادا کیا تھا اور اس سے قبل بھی وہ متعدد فلموں میں شاندار کردار ادا کر چکے تھے۔

انہوں نے چند بائیوگرافی فلموں میں کھلاڑیوں، سیاستدانوں اور انسانی حقوق کے سیاہ فام علمبرداروں کے شاندار کردار بھی ادا کیے اور مجموعی طور پر محض ڈیڑھ درجن فلموں میں کام کیا تھا، جس میں سے تین کے قریب فلمیں آئندہ سال تک ریلیز کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: 'بلیک پینتھر' کے اداکار چیڈوک بوسمین کینسر کے باعث انتقال کرگئے

چیڈوک بوسمین نے 2003 میں اداکاری کی شروعات کی تھی اور ابتدائی طور پر انہوں نے ٹی وی میں قسمت آزمائی اور بعد ازاں 2013 کے بعد فلموں میں دکھائی دیے۔

'بلیک پینتھر' جیسا شاندار اور فلمی ناقدین و شائقین کے خیالات بدلنے والا کردار ادا کرنے کے باوجود چیڈوک بوسمین کو آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد نہیں کیا گیا تھا تاہم انہوں نے دیگر چند ایوارڈز جیت رکھے تھے۔

ان کی اچانک موت نے بھی مداحوں کو حیران کردیا تھا اور ان کے ٹوئٹر پر جاری کی گئی ان کی موت کی ٹوئٹ نے بھی محض 24 گھنٹوں میں منفرد ریکارڈ بنا ڈالا تھا۔

چیڈوک بوسمین 29 اگست کو چل بسے تھے—فائل فوٹو: اے ایف پی
چیڈوک بوسمین 29 اگست کو چل بسے تھے—فائل فوٹو: اے ایف پی

اداکار کے خاندان کی جانب سے ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ان کی موت کی ٹوئٹ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی تھی اور مذکورہ ٹوئٹ کو کچھ ہی گھنٹوں میں 70 لاکھ کے قریب بار پسند کیا گیا۔

ریکارڈ لائیکس کے بعد چیڈوک بوسمین کی موت کی خبر سب سے زیادہ پسند کی جانے والی ٹوئٹ بن گئی تھی، جس کی تصدیق خود ٹوئٹر نے بھی کی تھی۔

ٹوئٹر کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کی گئی تھی کہ چیڈوک بوسمین کی موت کی ٹوئٹ اب تک سب سے زیادہ لائیک کی جانے والی ٹوئٹ بن گئی۔

لیکن اب چیڈوک بوسمین کی موت کے محض 2 دن بعد سامنے آنے والی ان کی دوسری خفیہ شادی کی خبر نے ان کے مداحوں کو مزید حیران کردیا۔

امریکی شوبز ویب پیج سکس نے اپنی رپورٹ میں اداکار کے خاندان کی جانب سے جاری بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سیاہ فام اداکار نے اپنی موت سے چند ماہ قبل گلوکارہ ٹیلر سائمن سے خفیہ شادی کی تھی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ چیڈوک بوسمین اور ٹیلر سائمن نے اکتوبر 2019 میں خفیہ طور پر منگنی کی تھی اور تب سے انہیں کئی تقریبات میں انتہائی رومانوی انداز میں ایک دوسرے کے قریب دیکھا گیا۔

مزید پڑھیں: 'بلیک پینتھر' کی موت کی خبر کا منفرد ریکارڈ

تاہم دونوں نے میڈیا کے سامنے کبھی بھی اپنے رشتے سے متعلق کھل کر بات نہیں کی تھی اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ دونوں نے کب شادی کی لیکن خبروں میں متعدد ذرائع کا حوالہ دے کر دعویٰ کیا گیا کہ چیڈوک بوسمین نے شادی بھی کی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گلوکارہ ٹیلر سائمن کی جانب سے 2014 میں گریجوئیشن کرنے کے ایک سال بعد ہی ان کے تعلقات چیڈوک بوسمین سے استوار ہوگئے تھے اور گلوکارہ کا خاندان بھی ان کے تعلقات سے خوش تھا۔

رپورٹس کے مطابق چیڈوک بوسمین کی موت پر جو بیان جاری کیا گیا تھا اور اس میں ان کی جس اہلیہ کا نام لیے بغیر ذکر کیا گیا تھا وہ ذکر دراصل ٹیلر سائمن کا تھا۔

تاہم تاحال ٹیلر سائمن نے بھی چیڈوک بوسمین سے شادی کی خبروں پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔

اداکار نے بیماری کی طرح شادی اور تعلقات کے حوالے سے بھی کبھی میڈیا کے سامنے بات نہیں کی تھی—فائل فوٹو: اے پی
اداکار نے بیماری کی طرح شادی اور تعلقات کے حوالے سے بھی کبھی میڈیا کے سامنے بات نہیں کی تھی—فائل فوٹو: اے پی

تبصرے (0) بند ہیں