سام سنگ نے باضابطہ طور پر اپنا نیا فولڈ ایبل فون گلیکسی زی فولڈ 2 متعارف کرادیا ہے جو سام سنگ کا مہنگا ترین فون ہے۔

اس فون کی ابتدائی جھلک گزشتہ ماہ گلیکسی نوٹ 20 سیریز کے ساتھ پیش کی گئی تھی اور اس موقع پر بتایا گیا تھا کہ یکم ستمبر کو اس کی قیمت اور دستیابی کے بارے میں تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

اب اسے پیش کردیا گیا ہے اور یہ ہر لحاظ سے گزشتہ سال کے گلیکسی زی فولڈ سے بہتر ہے۔

فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا
فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا

فون کے باہر موجود اسکرین جسے کمپنی نے کور اسکرین کا نام دیا ہے، 4.6 انچچ سے بڑھ کر 6.2 انچ کی ہوجاتی ہے جبکہ اندر موجود مین اسکرین کھل کر 7.3 انچ سے بڑھ کر 7.6 انچ کی ہوجاتی ہے۔

مین ڈسپلے میں 120 ریفریش ریٹ دیا گیا ہے جبکہ الٹرا تھن گلاس کو بھی تصویر کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ڈیوائس کا حصہ بنایا گیا ہے۔

فون کے ہینج کو بھی پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے اور کمپنی نے اسے ہائیڈ اوے ہینج کا نام دیا ہے اور یہ 75 سے 115 ڈگری پر اپنے بل پر کھڑا رہ سکتا ہے۔

جب اس فون کو فلیکس موڈ پر استعمال کیا جاتا ہے تو صارف مخصوص ایپس کو مین اسکرین پر اسپلٹ ویو میں استعمال کرسکتے ہیں۔

فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا
فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا

فون میں نان اسکرین سائیڈ پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے جس میں مین کیمرا 12 میگا پکسل اور ڈوئل پکسل آٹوفوکس، آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن اور 1.8um سائز پکسلز کے ساتھ ہے۔

اسی طرح 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا 2 ایکس زوم کے ساتھ ہے جبکہ تیسرا کیمرا 12 میگا پکسل الٹراوائیڈ سنسر ہے۔

فون میں 2 سیلفی کیمرے بھی موجود ہیں جو دونوں 10، دس میگا پکسل کے ہیں، ان میں سے ایک کور اسکرین پر ہے جبکہ دوسرا فولڈنگ مین اسکرین میں موجود ہے۔

گلیکسی زی فولڈ 2 میں اسنیپ ڈراگون 865 پلس پراسیسر ، 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج موجود ہے۔

فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا
فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا

4500 ایم اے ایچ بیٹری 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے جبکہ فاسٹ وائرلیس چارجنگ اور وائرلیس پاور شیئر بھی ڈیوائس کا حصہ ہے۔

سام سنگ کے مطابق یہ فون کل سے پری آرڈر میں 40 مارکیٹوں میں دستیاب ہوگا جو صارفین کو 18 ستمبر کو مل سکے گا۔

اس کی قیمت 2 ہزار ڈالرز (3 لاکھ 30 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں