• KHI: Fajr 5:11am Sunrise 6:27am
  • LHR: Fajr 4:40am Sunrise 6:00am
  • ISB: Fajr 4:44am Sunrise 6:07am
  • KHI: Fajr 5:11am Sunrise 6:27am
  • LHR: Fajr 4:40am Sunrise 6:00am
  • ISB: Fajr 4:44am Sunrise 6:07am

ملک میں کورونا وائرس کے مزید 466 مریض صحتیاب، 321 نئے کیسز رپورٹ

شائع September 3, 2020 اپ ڈیٹ September 4, 2020
ملک میں کووڈ 19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد  2 لاکھ 81 ہزار 925  ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں کووڈ 19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 925 ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار بڑی حد تک سست ہوچکی ہے تاہم احتیاط نہ کرنے کی صورت میں اس میں دوبارہ تیزی آنے کا اندیشہ ہے۔

ملک اب تک 2 لاکھ 97 ہزار 198 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس میں سے 6 ہزار 328 مریض انتقال کر گئے جبکہ 2 لاکھ 81 ہزار 925 صحتیاب ہوگئے۔

آج 3 ستمبر کو کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کے مزید 321 کیسز سامنے آئے اور 2 مریض انتقال کر گئے، اس کے علاوہ بلوچستان کے گزشتہ روز کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مزید 36 کیسز اور 2 اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔

اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 466 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے جس کے بعد ملک میں فعال کیسز کی تعداد 8 ہزار 761 ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز ایک ہی تاریخ یعنی 26 فروری کو سامنے آئے تھے جس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متعدد سرگرمیاں روک دی گئی تھی اور عوام کا ہجوم روکنے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا تھا۔

تاہم معاشی چیلنجز کو دیکھتے ہوئے اپریل میں ہی حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرنی شروع کردی تھی اور مئی میں کافی چیزیں کھول دی گئیں تھیں جس کی وجہ سے جون میں پاکستان وبا پر عروج پر جا پہنچی تھی۔

چنانچہ حکومت نے مجموعی لاک ڈاؤن کے بجائے اسمارٹ لاک ڈاؤن اور ٹی ٹی کیو (ٹریسنگ، ٹیسٹنگ اور قرنطینہ) کی پالیسی مؤثر انداز میں اپنائی جس کے واضح طور پر بہتر نتائج سامنے آئے اور اب ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ بڑی حد تک سست ہوچکا ہے۔

آج ملک میں وبا کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب

پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں مزید 62 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک مریض انتقال کر گیا۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے لیے بنائے گئے خصوصی سرکاری پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 62 نئے کیسز کے ساتھ مجموعی کیسز کی تعداد 96 ہزار 983 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب مزید ایک مریض کے انتقال کر جانے سے اموات کی تعداد 2 ہزار 205 تک جا پہنچی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں مزید 23 افراد کووِڈ 19میں مبتلا پائے گئے تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ کوئی ہلاکت سامنےنہیں آئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 689 ہوگئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 175 ہے۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے وبا کے مزید 74 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 36 ہزار 414 ہوگئی۔

صوبے میں جمعرات کو کورونا سے کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی، یوں خیبر پختونخوا میں وائرس سے مجموعی طور پر ہونے والی اموات 1255 پر برقرار ہیں۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کی یومیہ رپورٹ میں کورونا کے 110 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 13 ہزار 45 ہوگئی۔

صوبے میں چوبیس گھنٹے کے دوران وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 143 پر برقرار ہے۔

آزاد کشمیر

ملک میں کورونا سے سب سے کم متاثر ہونے والے علاقے میں میں مزید 3 کیسز اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی

کووِڈ 19 کے سرکاری پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 302 ہوگئی ہے۔

مزید ایک مریض کے انتقال کر جانے سے اموات کی تعداد 64 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

سیاحت کی اجازت دینے کے بعد سے گلگت بلتستان میں نئے کیسز کی تعداد پہلے کی نسبت بڑھی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

حکومت کے اکٹھا کیے گئے اعداد و شمار کےمطابق نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 922 ہوگئی ہے۔

اس خطے میں کووِڈ 19 کے اب تک انتقال کرجانے والے مریضوں کی تعداد 71 ہے۔

صحتیابی کی شرح

کووِڈ 19 کے نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ صحتیاب مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 466 مریض اس وائرس سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے۔

اس طرح میں ملک میں صحتیاب مریضوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 925 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا 94 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 297198

اموات: 6328

صحتیاب: 281925

فعال کیسز: 8945

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 827 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 96 ہزار 983 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 36 ہزار 414 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 13 ہزار 45 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 689، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 935 اور کشمیر میں 2 ہزار 305 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2415

پنجاب: 2205

خیبرپختونخوا: 1255

بلوچستان: 143

اسلام آباد: 175

آزاد کشمیر: 64

گلگت بلتستان: 71

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024