نیمار سمیت پی ایس جی کے 3 کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار

اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2020
نیمار اور ڈی مریا کے کورونا کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
نیمار اور ڈی مریا کے کورونا کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

فرانس کے مشہور کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) میں برازیل کے مشہور فٹبالر نیمار سمیت کلب کے 3 کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

پی ایس جی کی جانب سے جاری بیان میں کہا کہ پیرس سینٹ جرمین کے تین کھلاڑیوں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں اور وہ صحت کے پروٹوکولز پر عمل کریں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان سپر لیگ 2020 کے بقیہ چاروں میچز کی تاریخوں کا اعلان

انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف آنے والے دنوں میں ٹیسٹ کے عمل سے گزریں گے۔

جب خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' نے کلب سے ان افراد کی شناخت بتانے کے لیے رابطہ کیا تو کلب نے نام دینے سے انکار کردیا۔

البتہ ذرائع نے تصدیق کی کہ ان تین کھلاڑیوں میں نیمار بھی شامل ہیں جبکہ دیگر دو کھلاڑیوں میں اینجل ڈی مریا اور لیانڈرو پیریڈیس کے ٹیسٹ بھی مثبت آئے ہیں۔

چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں بایرن میونخ کے ہاتھوں شکست کے بعد پی ایس جی کے کھلاڑی اسپین میں جزیرے پر چھٹیاں منانے کے لیے گئے تھے اور ممکنہ طور پر وہیں وائرس کا شکار ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: بابر کے بعد شاہین اور عماد کا بھی ٹی20 بلاسٹ میں معاہدہ

اس خبر کے بعد فرانسیسی چیمپیئن کلب مشکلات کا شکار ہو گئی ہے جسے اگلے ہفتے سے لیگ میں اپنی مہم کا آغاز کرنا ہے البتہ اب 10 ستمبر کو شیڈول اس میچ کو ملتوی کیے جانے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

پی ایس جی نے پہلے ہی پیر کو کہا تھا کہ دو نامعلوم کھلاڑیوں میں چھٹیوں سے واپسی پر کورونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔

اس وقت رپورٹ کیا گیا تھا کہ یہ دو نامعلوم کھلاڑی ارجنٹائن کے ڈی مریا اور پیریدیس ہیں۔

چھٹیاں گزارنے کے بعد نیمار نے اپنے بیٹے کے ہمراہ تصویر ڈالی تھی اور لکھا کہ آپ کے پیغامات کا شکریہ، ہم سب خیریت سے ہیں۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ کی ٹیم کو پاکستان کا دورہ 'ضرور' کرنا چاہیے، چیئرمین ای سی بی

تاہم برازیلین میڈیا نے رپورٹ کیا کہ اسٹرائیکر اور ان کے 9 سالہ بیٹے کے ساتھ ساتھ 55 سالہ والد بھی وائرس کا شکار ہو گئے ہیں کیونکہ یہ دونوں بھی چھٹیوں پر نیمار کے ہمراہ موجود تھے۔

پی ایس جی نے دورے کا متنازع فیصلہ اس وقت کیا تھا جب ان لینس سے میچ ملتوی کردیا گیا تھا اور دورے کا مقصد ٹیم کو ایک وقفہ اور تفریح کا موقع فراہم کرنا تھا۔

فرانس کے سب سے امیر کلب نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران پانچ میچز کھیلے ہیں اور اب خبریں ہیں کہ مبینہ طور پر مارو ایکارڈی، اینڈر ہریرا، کیلر نواس اور ماکنہوس بھی کورونا کے خطرے سے دوچار ہو چکے ہیں اور آئسولیشن میں ہیں۔

10 ستمبر کو لینس سے مقابلے کے بعد پی ایس جی کو اگلے تین دن کے اندر ماسیلی سے بھی مقابلہ کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رضوان مستقبل میں قومی ٹیم کی قیادت کر سکتے ہیں، راشد لطیف

کلب کی مشکلات میں یوں بھی اضافہ ہو گیا ہے کہ فرانس کے کھلاڑیوں کائلیان ایمباپے اور پریسنل کم پیمبے کو یوئیفا نیششنز لیگ میں فرانس کی نمائندگی کرنی ہے اور اس وجہ سے شاید وہ پی ایس جی کو دستیاب نہ ہوں۔

کورونا کے سبب نافذ سخت عملی اقدامات کی وجہ سے امید ہے کہ فرانسیسی کلب کے کھلاڑی ایک ساتھ ٹریننگ نہ کر سکیں کیونکہ یہ پہلے ہی اعلان کردیا گیا تھا کہ اگر کسی ٹیم کے چار کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے تو ٹریننگ سیشن منسوخ کردیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں