خیبرپختونخوا: فائرنگ سے پی ٹی آئی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری جاں بحق

اپ ڈیٹ 13 ستمبر 2020
خیبرپختونخوا میں سیاسی رہنماؤں پر فائرنگ کے دو واقعات پیش آئے—فائل/فوٹو:اے ایف پی
خیبرپختونخوا میں سیاسی رہنماؤں پر فائرنگ کے دو واقعات پیش آئے—فائل/فوٹو:اے ایف پی

خیبرپختونخوا میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری طاہر اقبال ہری پور میں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما پشاور میں جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ہری پور کے علاقے غازی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پی ٹی آئی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری کو قتل کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعہ تھانہ غازی کی حدود میں پیش آیا ہے اور اس واقعے میں مقتول کے ڈرائیور اور ساتھی زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں:پشاور: نامعلوم افراد کی خواجہ سراؤں پر فائرنگ، ایک جاں بحق

پولیس کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو ئے۔

ہری پور پولیس نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت ڈاکٹر طاہر اقبال کے نام سے کی گئی ہے، جو پی ٹی آئی کا صوبائی عہدہ دار تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر قتل کی وجوہات سامنے نہیں آئیں، تاہم پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پشاور میں پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما قتل

خیبرپختونخوا میں فائرنگ کا دوسرا واقعہ پشاور میں پیش آیا، جہاں گاڑی پر فائرنگ سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مقامی رہنما سمیت تین افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ مچنی کی حدود میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے چلتی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے پی پی پی رہنما دو سیکیورٹی گارڈ سمیت جاں بحق ہو گئے۔

واقعے کے بعد زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے تاہم واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور میں خواجہ سرا کی تشدد زدہ لاش برآمد، پولیس

خیال رہے کہ پشاور میں 9 ستمبر کو بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا اور تھانہ تہکال کی حدود پلوسئی میں رات گئے نامعلوم ملزمان نے خواجہ سراؤں پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں ایک خواجہ سرا موقع پر ہی جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق خواجہ سرا نجی تقریب میں شرکت کے بعد واپسی کے لیے جیسے ہی گاڑی میں بیٹھنے لگے تو ان پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی تھی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے خواجہ سرا کی شناخت شکیل عرف گل پانڑہ کے نام سے ہوئی جبکہ حملے میں زخمی ہونے والے خواجہ سرا کی شناخت طارق عرف چاہت کے نام سے ہوئی ہے۔

شکایت گزار چاہت کی درخواست پر پولیس نے واقعے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرلی، ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ متاثرہ خواجہ سرا فائرنگ کرنے والوں کو شناخت کرسکتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

reyham Sep 14, 2020 12:36am
koyi system hota to yeh na hota