’ہلک‘ کی کزن’ شی ہلک‘ اسکرین پر آنے کو تیار

اپ ڈیٹ 18 ستمبر 2020

ای میل

خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ سال تک ٹی وی سیریز کو ریلیز کیا جائے گا—ڈزنی پلس
خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ سال تک ٹی وی سیریز کو ریلیز کیا جائے گا—ڈزنی پلس

سائنس فکشن سپر ہیرو کردار ’ہلک‘ ویسے تو کئی سال سے فلمی شائقین کو محظوظ کرتے آ رہے ہیں تاہم جلد ہی ان کی کزن ’شی ہلک‘ بھی اسکرین پر لوگوں کے دل بہلانے آ رہی ہیں۔

جی ہاں، جلد ہی مارول اسٹوڈیو کی جانب سے بنائی جانے والی ٹی وی سیریز ’ شی ہلک‘ ریلیز کی جائے گی اور سپر وومن ہیرو کا انتخاب بھی کرلیا گیا۔

شوبز ویب سائٹ ’ڈیڈ لائن‘ کے مطابق 34 سالہ کینیڈین اداکارہ تاتیانا مسلانے جلد ہی ’شی ہلک‘ ٹی وی سیریز میں مرکزی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

شی ہلک‘ کے کردار کو اگرچہ پہلے ہی کومک کتابوں میں پیش کیا جاچکا ہے تاہم اب پہلی بار اس کردار پر ٹی وی سیریز بنائی جائے گی۔

تاتیانا مسلانے سپر ہیرو شی ہلک کا کردار نبھائیں گی—فائل فوٹو: اے پی
تاتیانا مسلانے سپر ہیرو شی ہلک کا کردار نبھائیں گی—فائل فوٹو: اے پی

'شی ہلک‘ کا کردار ’ہلک‘ کا کردار متعارف کرانے والے لکھاری اسٹان لی نے متعارف کرایا تھا، اس کردار کو ابتدائی طور پر 1980 میں پیش کیا گیا تھا۔

فکشن کردار ’شی ہلک‘ کو دراصل مرد کردار ’ہلک‘ کے کزن کے طور پر پیش کیا گیا تاہم ’ شی ہلک‘ کی اچھی بات یہ ہے کہ وہ ایک وکیل بھی ہیں، جس کی وجہ سے وہ ٹی وی سیریز میں صرف اپنی طاقت کے زور پر دشمنوں کو مزا نہیں چکھائیں گی بلکہ وہ دشمنوں کے خلاف قانونی راستے بھی اختیار کریں گی۔

ڈیڈ لائن کے مطابق اگرچہ تاحال مارول اسٹوڈیو نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ اداکارہ تاتیانا مسلانے کو ’شی ہلک‘ کے کردار کے لیے کاسٹ کیا گیا ہے، تاہم اسٹوڈیو سے جڑے ذرائع نے تصدیق کی کینیڈین نژاد اداکارہ ہی سپر ہیرو خاتون کا کردار ادا کریں گی۔

ہلک کے کردار کو متعدد فلموں اور ٹی وی سیریز میں پیش کیا جا چکا ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
ہلک کے کردار کو متعدد فلموں اور ٹی وی سیریز میں پیش کیا جا چکا ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

'شی ہلک‘ کی ٹی وی سیریز کی کہانی جیسیکا گاؤ لکھیں گی جب کہ اس سیریز کی کچھ اقساط کی ہدایات کیٹ کوئرو دیں گی، تاہم اس حوالے سے بھی تصدیق ہونا باقی ہے۔

’شی ہلک‘ ٹی وی سیریز کو ڈزنی پلس پر پیش کیا جائے گا تاہم ڈزنی پلس اور مارول اسٹوڈیو نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ سپر وومن سیریز کو کب تک نشر کیا جا سکے گا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی تک ’شی ہلک‘ ٹی وی سیریز کی شوٹنگ شروع کرکے آئندہ سال کے آخر تک سیزیز کو نشر کردیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

’شی ہلک‘ کا لباس اپنے کزن کردار ’oلک‘ کی طرح سبز (green) ہی ہوگا اور خیال کیا جا رہا ہے کہ ’شی ہلک‘ کے ساتھ دیگر فکشنل سپر ہیرو کرداروں کو بھی سیریز کا حصہ بنایا جائے گا۔

شی ہلک کے کردار کو کومک کتابوں میں 1980 سے پیش کیا جا رہا ہے—فوٹو: مارول کومک
شی ہلک کے کردار کو کومک کتابوں میں 1980 سے پیش کیا جا رہا ہے—فوٹو: مارول کومک