سندھ: ٹڈی دل اسپرے مہم کے دوران محکمہ زراعت کے 6 ملازمین جاں بحق

حکومت سندھ نے گزشتہ سال فصلوں کو نقصان سے بچانے کے لیے ٹڈی دل کے خلاف مہم کا آغاز کیا تھا — فائل فوٹو / اے ایف پی
حکومت سندھ نے گزشتہ سال فصلوں کو نقصان سے بچانے کے لیے ٹڈی دل کے خلاف مہم کا آغاز کیا تھا — فائل فوٹو / اے ایف پی

وزیر زراعت سندھ اسمٰعیل راہو کا کہنا ہے کہ صوبے میں فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے کے بعد مختلف علاقوں میں اسپرے مہم کے دوران محکمے کے 6 ملازمین زندگی کی بازی ہار گئے۔

اپنے بیان میں اسمٰعیل راہو نے کہا کہ اسپرے مہم کے دوران یہ ملازمین بےہوش ہوگئے تھے جس پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل رپورٹس کے مطابق ان میں سے 4 ملازمین میں ہسپتال میں کورونا وائرس کی بھی تشخیص ہوئی جبکہ 2 کو دل کا دورہ پڑا۔

اسمٰعیل راہو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو پیش کی گئی سمری میں انہوں نے زندگی کی بازی ہارنے والوں کو 'شہید' کا درجہ دینے، ان کے خاندانوں کی کفالت اور اولاد کو ملازمت دینے کی سفارش کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹڈی دل کے حملے کا خطرہ، وفاق اور سندھ تنازع کا شکار

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صوبائی حکومت سے اسپرے مہم میں حصہ لینے والے تمام ملازمین کو بونس دینے کی بھی درخواست کی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت سندھ نے گزشتہ سال فصلوں کو نقصان سے بچانے کے لیے ٹڈی دل کے خلاف مہم کا آغاز کیا تھا۔

ٹڈی دل گزشتہ سال مارچ میں بلوچستان میں داخل ہوئی تھیں اور جون تک سندھ میں بھی حملہ کیا تھا۔

ٹڈی دل جولائی میں سندھ کے صحرائی علاقوں سے بھارتی ریاست راجستھان ہجرت کر گئی تھیں اور دوبارہ اکتوبر میں سندھ میں واپس آگئی تھیں اور مختلف فصلوں کو نقصان پہنچایا تھا۔

مزید پڑھیں: ٹڈی دل کے حملوں سے پاکستان میں غذائی تحفظ کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ

گزشتہ ماہ وفاقی حکومت نے جہاز کے ذریعے ٹڈی دل کے خلاف اسپرے مہم کے لیے جہاز استعمال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں