گوگل نے اپنی ویڈیو کانفرنسنگ سروس میٹ میں لامحدود وقت تک مفت کالز کی مدت میں 31 مارچ تک اضافہ کردیا۔

گوگل نے رواں سال اپریل میں اپنی ویڈیو کانفرنسنگ سروس میٹ کو تمام صارفین کے لیے مفت کردیا تھا جس کا مقصد کورونا وائرس کی وبا کے دوران باہمی رابطوں میں لوگوں کو سہولت فراہم کرنا تھا۔

یہ کانفرنسنگ سروس پہلے صرف جی سیوٹ کے صارفین کے لیے مخصوص اور 6 ڈالر ماہانہ پر ہی دستیاب تھی۔

تاہم اس موقع پر گوگل نے اعلان کیا تھا کہ اس میں مفت ویڈیو کال کا دورانیہ 60 منٹ تک ہوگا مگر اس کا اطلاق 30 ستمبر کے بعد سے ہونا تھا۔

مگر اب اس مدت کو 31 مارچ تک بڑھا دیا گیا ہے اور صارفین 24 گھنٹے تک لگاتار مفت کال جاری رکھ سکتے ہیں۔

گوگل کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ ہالیڈے سیزن میں لوگوں کا ملنا جلنا ہوتا ہے مگر اس سال ایسا بہت کم ہوگا، اس کی جگہ ویڈیو میٹنگز اور شادیوں کی میزبانی بھی ویڈیوز پر ہورہی ہے، تو ہم ان لوگوں کی مدد جاری رکھنا چاہتے ہیں جو گوگل میٹ پر انحصار کرتے ہوئے دیگر سے رابطے میں رہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ہم اعلان کرتے ہیں کہ مفت ورژن میں لامحدود ویڈیو کالز (24 گھنٹے تک) جی میل اکاؤنٹس پر دستیاب رہیں گی'۔

گوگل کی جانب سے میٹ صارفین کے لیے کچھ فیچرز کے بارے میں بھی بتایا گیا، جیسے وہ میٹ کالز ٹی وی کے ذریعے بھی کرسکتے ہیں، اس کے علاوہ بیک گراؤنڈ دھندلا اور ڈیجیٹل وائٹ بورڈ کا ذکر کیا گیا۔

گوگل میٹ کی جانب سے حال ہی میں 49 افراد کو ایک ویڈیو کانفرنس میں شامل کرنے کا آپشن فراہم کیا تھا، جس کو آٹو اور ٹائلڈ موڈز کے ذریعے ان ایبل کیا جاسکتا ہے۔

یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں کے دوران جی سیوٹ اور پرسنل یوزرز کے لیے دستیاب ہوگا۔

اس کے علاوہ گوگل کی جانب سے ویڈیو میٹنگز کے لیے نوائز کینسلنگ کا فیچر بھی متعارف کرایا گیا۔

یہ فیچر ابھی جی سیوٹ پر دستیاب ہے مگر جلد اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کو بھی دستیاب ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں