ندا ڈار ٹی ٹوئنٹی کی سرفہرست 10 آل راؤنڈرز میں شامل

اپ ڈیٹ 02 اکتوبر 2020
ندا ڈار دسویں بہترین آل راونڈر ہیں—فائل/فوٹو:آئی سی سی ٹوئٹر
ندا ڈار دسویں بہترین آل راونڈر ہیں—فائل/فوٹو:آئی سی سی ٹوئٹر

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار نے ٹی ٹوئنٹی طرز کرکٹ میں اپنی بہترین کارکردگی کے باعث دنیا کی 10 سرفہرست کھلاڑیوں میں جگہ بنالی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے خواتین کرکٹ کی نئی درجہ بندی جاری کردی گئی جہاں ٹی ٹوئنٹی کی آل راؤنڈرز کیٹگری میں پاکستان کی کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔

کرکٹ سے کنارہ کشی کرنے والی سابق کپتان ثنا میر تاحال ایک روزہ کرکٹ کی درجہ بندی میں سرفہرست کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ویمنز کرکٹ: پاکستان آخری میچ میں کامیاب، سیریز ویسٹ انڈیز کے نام

نئی درجہ بندی کے مطابق پاکستان کی ندا ڈار 241 پوائنٹس کے ساتھ دسویں بہترین آل راؤنڈر قرار پائی ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کی خواتین آل راؤنڈرز میں پہلا نمبر نیوزی لینڈ کی سوفی ڈیوائن اور دوسرا نمبر انگلینڈ کی نتالی سیویر کا ہے، تیسرے نمبر پر آسٹریلیا کی ایلیسی پیری، بھارت کی دیپتی شرما چوتھے اور ویسٹ انڈیز کی اسٹیفنی ٹیلر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

جنوبی افریقہ کی دین وین نیکرک چھٹے، سری لنکا کی چماری اتھاپتھتو ساتویں، آٹھویں نمبر پر بنگلہ دیش کی سلمیٰ خاتون اور نویں نمبر پر ویسٹ انڈیز کی ہیلے میتھیوز موجود ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کی بہترین بلے باز خاتون آسٹریلیا کی بیتھ مونے ہے جو نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس سے محض تین پوائنٹس اور بھارت کی شفالی ورما سے 4 پوائٹنس آگے ہیں۔

نیوزی لینڈ کی سوفی ڈیوائن 738 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور آسٹریلیا کی میگ لیننگ 712 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کی بہترین باؤلنگ میں انگلینڈ کی سوفی ایکلیسٹون سرفہرست ہیں، دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کی میگن اور تیسرے نمبر پر جنوبی افریقہ کی شبنم اسمٰعیل ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر زیادہ پوائنٹس کی بنیاد پر بہترین باؤلرز کی فہرست میں نویں اور بہترین آل راؤنڈرز کی فہرست میں 10 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

مزید پڑھیں:ثنا میر کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

خیال رہے کہ 120 ون ڈے میچوں میں 151 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ایک ہزار 630 رنز بنانے والی ثنا میر نے رواں برس اپریل میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ثنا میر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ تہہ دل سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشکور ہیں جس نے انہیں 15 سال تک ملک کی نمائندگی کا موقع دیا۔

انہوں نے 106 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 89 وکٹیں حاصل کیں اور 802 رنز بھی بنائے۔

آئی سی سی کی تازہ ٹیم رینکنگ میں پاکستان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں طرز میں بالترتیب 927 اور5 ہزار 515 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں