‘ارطغرل‘ سےوابستہ شخصیات سے ملاقات،مداح جلد خوشخبری سنیں گے، عدنان صدیقی

03 اکتوبر 2020
ان دنوں عدنان صدیقی ترکی میں ہیں اور ترک شوبز شخصیات سے ملاقاتیں بھی کررہے ہیں— فوٹو انسٹاگرام
ان دنوں عدنان صدیقی ترکی میں ہیں اور ترک شوبز شخصیات سے ملاقاتیں بھی کررہے ہیں— فوٹو انسٹاگرام

پاکستان کے نامور اداکار اور ہدایت کار عدنان صدیقی نے ترکی کے شہر استنبول میں شہرہ آفاق ڈرامے ’ دیریلیش ارطغرل’ سے جڑی اہم شخصیات سے ملاقات کی اور مداحوں کو جلد خوشخبری کا عندیہ بھی دیا ہے۔

پاکستان ٹیلی ویژن پر اردو ڈبنگ کے ساتھ پیش کیا جانا والا ڈراما ‘ارطغرل غازی‘ نہ صرف پاکستانی عوام میں مقبول ہے بلکہ شوبز سے جڑی کچھ شخصیات بھی اس ڈرامے کو سراہ رہی ہیں۔

خیال رہے کہ ان دنوں عدنان صدیقی ترکی میں ہیں اور ترک شوبز شخصیات سے ملاقاتیں بھی کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کی سلجان خاتون ڈیزائنر ماریہ بی کیلئے ماڈلنگ کریں گی؟

گزشتہ دنوں عدنان صدیقی نے فیس بک کی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر ترکی میں اپنی مصروفیت سے متعلق کچھ تصاویر مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

عدنان صدیقی نے انسٹاگرام اسٹوریز میں جاری کچھ ویڈیوز میں شوٹنگ اور استنبول میں سیر و تفریح کی ویڈیوز بھی جاری کیں۔

بعدازاں عدنان صدیقی نے انسٹا اسٹوریز میں ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ پاکستان میں مقبولیت کے ریکارڈ توڑنے والے ترک ڈرامے ارطغرل غازی بنانے والی کمپنی سے وابستہ قادر نامی شخص کے ساتھ موجود ہیں۔

عدنان صدیقی نے پاک ترک دوستی زندہ باد کہتے ہوئے کہا کہ وہ ترک سیریز بنانے والی کمپنی کے حکام کے ساتھ موجود ہیں اور مداح جلد خوشخبری سنیں گے۔

اس کے ساتھ ہی ویڈیوز میں عدنان صدیقی کو ارطغرل ڈرامے سے جڑے خصوصی تحائف وصول کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کے مزید 2 اداکار پاکستانی برانڈ کے ایمبیسڈر بن گئے

واضح رہے کہ ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کو پی ٹی وی پر 24 اپریل سے نشر کیا جا رہا ہے اور اب اس کا دوسرا سیزن بھی شروع ہوچکا ہے۔

اس ڈرامے نے نشر ہوتے ہی پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنائے تھے اور اسے یوٹیوب پر محض 20 دن میں 21 کروڑ بار دیکھا جا چکا تھا۔

اس ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے جو ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے، جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

جہاں اس ڈرامے نے پاکستانیوں کے دل میں جگہ بنائی ہے وہیں ارطغرل غازی کے تمام کردار بھی پاکستانی عوام کی محبت کے مشکور ہیں اور جلد پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار بھی کرچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: ارطغرل غازی کے کردار 'دوآن الپ' کی پاکستان آمد

گزشتہ دنوں ارطغرل غازی میں دوآن الپ (روشان) کا کردار ادا کرنے والے جاوید چتین گونر پاکستان آئے تھے اور انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔

علاوہ ازیں اسی ڈرامے میں 'ترگت الپ' کا کردار ادا کرنے والے اداکار جنگیز جوشقون اور بامسی کا کردار ادا کرنے والے اداکار نورالدین سونمیر پاکستان کے معروف برانڈ جے ڈاٹ فریگرینس کے برانڈ ایمبیسڈر بنے تھے۔

جس کے بعد ارطغرل غازی میں سلیمان شاہ کی منہ بولی بیٹی اور بعد میں بڑے بیٹے گلدارو کی بیوی سلجان خاتون کا کردار ادا کرنے والی دیدم بالچین پاکستانی ڈیزائنر ماریہ بی کے ملبوسات کی ماڈلنگ کریں گی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اس حوالے سے پاکستان کی نامور ڈیزائنر ماریہ بی نے سوشل میڈیا پر اعلان بھی کیا تھا۔ کہ دیدم بالچین ان کے برانڈ کے ونٹر کلیکشن کی ماڈلنگ کریں گی۔

— فوٹو بشکریہ کیو موبائل فیس بک پیج
— فوٹو بشکریہ کیو موبائل فیس بک پیج

خیال رہے کہ سب سے پہلے رواں برس جولائی میں ارطغرل غازی میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ اسرا بیلگی اسمارٹ فون کمپنی کیو موبائل کی برانڈ ایمبیسڈر بننے کا اعلان کیا تھا۔

جس کے بعد وہ جولائی ہی کے مہینے میں پاکستانی موبائل کمپنی جاز کی بھی برانڈ ایمبیسڈر بنی تھیں۔

بعدازاں رواں ماہ ارطغرل غازی کے مرکزی کردار نے دارالحکومت اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے برانڈ ایمبیسڈر کا معاہدہ کیا تھا۔

تاہم اس ہاؤسنگ سوسائٹی کو راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کی جانب سے غیر قانونی قرار دیے جانے کے باعث انجین التان دوزیتان نے معاہدہ منسوخ کردیا تھا۔

دیریلیش ارطغرل میں کام کرنے والے تمام اداکار پاکستان بھر میں مقبول ہوچکے ہیں — فائل فوٹو:اسکرین شاٹ
دیریلیش ارطغرل میں کام کرنے والے تمام اداکار پاکستان بھر میں مقبول ہوچکے ہیں — فائل فوٹو:اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں