شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشتگرد ہلاک، ایک گرفتار

04 اکتوبر 2020
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، ترجمان پاک فوج — فائل فوٹو / اے ایف پی
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، ترجمان پاک فوج — فائل فوٹو / اے ایف پی

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔

سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔

واضح رہے 2 روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں آپریشن میں 2 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں ایک دہشت گرد بارودی سرنگوں کا اور دوسرا آئی ای ڈیز تیار کرنے کا ماہر تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: آپریشن کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک، ایک گرفتار

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ دہشت گرد بے گناہ لوگوں کے قتل، بھتہ خوری اور سیکیورٹی فورسز پر 25 سے زائد حملوں کی منصوبہ بندی اور اسے کرنے میں ملوث تھے۔

13 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کی ضلعی سرحد کے قریب کارروائی کے دوران دہشت گرد کمانڈر احسان اللہ سنڑے اور دیگر 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

اس سے قبل 7 ستمبر کو شمالی وزیر ستان کے علاقہ میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے خفیہ آپریشن میں مطلوب دہشت گرد وسیم زکریا سمیت 5 دہشت گرد ہلاک اور 10 کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ کمانڈر وسیم کا تعلق میر علی کے علاقے حیدر خیل سے تھا اور مطلوب دہشت گرد وسیم 2019 سے اب تک دہشت گردی کی 30 مختلف کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا خفیہ آپریشن، 5دہشت گرد ہلاک

خیال رہے کہ قبائلی اضلاع میں حالیہ ہفتوں میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ بھی دیکھنے میں آیا ہے۔

28 ستمبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے شکائی میں دہشت گردوں کی موجودگی پر کیے جانے والے خفیہ آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کیپٹن عبداللہ ظفر شہید ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 31 اگست کو جنوبی وزیرستان میں سرچ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی, جس کے نتیجے صوبیدار ندیم، سپاہی سلیم اور لانس نائیک مصور شہید ہوگئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں