بلوچستان: ایران سے آنے والے 6 زائرین اغوا

اپ ڈیٹ 12 اکتوبر 2020
زائرین ایران سے واپس آرہے تھے—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
زائرین ایران سے واپس آرہے تھے—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

کوئٹہ/ گوادر: مکران ڈویژن میں نامعلوم مسلح افراد نے ایران سے واپس گھر آنے والے 6 زائرین کو اغوا کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انتظامیہ میں موجود ذرائع کا کہنا تھا کہ مکران ڈویژن کے علاقے پنجگور سے نامعلوم مسلح افراد نے ایران سے واپس گھر آنے والے 6 زائرین کو اغوا کیا۔

ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان الیانی نے صوبائی پولیس چیف اور کمشنر مکران کو حکم دیا کہ وہ واقعے کی رپورٹ فوری طور پر پیش کریں۔

مزید پڑھیں: ایران سے آنے والے زائرین کیلئے ناقص انتظامات نے تنازع کو جنم دیا، رپورٹ

انہوں نے کہا کہ ’کسی کو ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دیں گے‘، ساتھ ہی انہوں نے زائرین کی بازیابی کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا تھا کہ مشہد میں زیارت کے بعد 6 مرد اور 2 خواتین ایران سے واپس آرہی تھیں، جب وہ پنجگور کے سرحدی علاقے میں داخل ہونے کے بعد صرف 3 کلومیٹر دور عیسیٰ کی طرف بڑھے تو مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو روک لیا اور 6 افراد کو زبردستی اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر لے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کلیئر قرار دیے گئے 453 زائرین میں کورونا کی تشخیص

یہ زائرین مشہد میں 50 دن گزارنے کے بعد کراچی آرہے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان سے مختلف افراد پڑوسی ملک ایران جاتے ہیں جہاں وہ مقدس مقامات کی زیارت کرتے ہیں۔

تاہم ماضی میں بھی اس طرح کے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں ایران سے واپس آنے والے زائرین کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

ماضی میں ایران سے آنے والے زائرین کی بسوں پر فائرنگ اور خود کش حملوں کے واقعات بھی رونما ہوچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں