اقتصادیات کا نوبیل انعام نیلامی کے طریقہ کار وضع کرنے والے ماہرین کے نام

اپ ڈیٹ 12 اکتوبر 2020
نوبیل انعام کی رقم دونوں میں یکساں تقسیم ہوگی—فوٹو: نوبیل پرائز ٹوئٹر
نوبیل انعام کی رقم دونوں میں یکساں تقسیم ہوگی—فوٹو: نوبیل پرائز ٹوئٹر

دنیا کا سب سے معتبر ایوارڈ دینے والی سویڈن کی سویڈش اکیڈمی آف نوبیل پرائز نے ’اکنامکس‘ (اقتصادیات) کا 2020 کا انعام مشترکہ طور پر 2 امریکی ماہرین کو دینے کا اعلان کردیا۔

سویڈش اکیڈمی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سال 2020 کا اقتصادیات کا نوبیل انعام امریکی ماہر معیشت پال ملگروم اور رابرٹ ولسن کو دیا گیا ہے۔

دونوں ماہرین کو نیلامی کے نظریے کو پیش کرنے اور نیلامی کے طریقہ کار کی وضاحت پیش کرنے پر انہیں نوبیل انعام سے نوازا گیا۔

سویڈش اکیڈمی نے دونوں ماہرین کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ماہرین کی محنت سے ہی آج دنیا بھر کے کروڑوں لوگ چیزوں کی خرید و فروخت کر رہے ہیں۔

اکیڈمی کے مطابق دونوں ماہرین کے نظریے اور اصولوں کے مطابق ہی آج کل دنیا بھر میں آن لائن نیلامی سے لے کر بڑے نیلام گھروں میں نیلامی ہوتی ہے اور ان کے آسان طریقوں کی وجہ سے کروڑوں لوگوں کو فائدہ پہنچا۔

دونوں ماہرین کو سویڈن کی مرکزی بینک رکس بینک کی جانب سے دیا جانے والا نوبیل انعام رواں برس 10 دسمبر کو اسٹاک ہوم میں دیا جائے گا۔

اس سے قبل گزشتہ سال کا نوبیل انعام میاں بیوی سمیت تین ایسے اقتصادی ماہرین کو دیا گیا تھا، جنہوں نے دنیا سے غربت ختم کرنے کی اہم اقتصادی تجاویز پیش کی تھی۔

نوبیل کمیٹی ہر سال اکتوبر کے آغاز میں ہی نوبیل پرائز کا اعلان کرتی ہے، اس سال 5 اکتوبر سے کمیٹی نے رواں سال کے فاتحین کا اعلان کرنا شروع کیا تھا۔

نوبیل کمیٹی نے 5 اکتوبر کو طب کے نوبیل انعام جیتنے والے سائنسدانوں کا اعلان کیا تھا، طب کا انعام برطانیہ کے سائنسدان مائیکل ہوٹن اور امریکا کے ہاروی آلٹر اور چارلز رائس کو دیا گیا تھا۔

کمیٹی نے 6 اکتوبر کو فزکس کے نوبیل انعام کا اعلان کیا تھا اور وہ بھی تین سائنسدانوں برطانوی ریاضی دان راجر پینریز، امریکی خاتون سائسندان اینڈریا گیز اور جرمن سائنسدان رینہارڈ گینزل کو دیا گیا تھا۔

اسی طرح کمیٹی نے کیمسٹری کے نوبیل انعام کا اعلان 7 اکتوبر کو کیا تھا اور پہلی بار کیمسٹری کا انعام دو خواتین کو دیا گیا تھا۔

اس سال کا کیمسٹری کا نوبیل انعام فرانس سے تعلق رکھنے والی بائیوکیمسٹ ایمانوئیل کارپنٹر اور امریکا سے تعلق رکھنے والی جینیفر ڈوڈنا کو دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اقتصادیات کا نوبیل انعام غربت کے خاتمے کی تجاویز دینے والے 3 ماہرین کے نام

کمیٹی نے 8 اکتوبر کو ادب کا نوبیل انعام امریکی شاعرہ 77 سالہ لوئس ایلزبتھ گلک کو دینے کا اعلان کیا تھا۔

کمیٹی نے 9 اکتوبر کو امن کا نوبیل انعام اقوام متحدہ (یو این) کے ذیلی ادارے ادارہ برائے خوراک (ورلڈ فوڈ پروگرام) کو دینے کا اعلان کیا تھا۔

رواں سال کے تمام فاتحین کو 10 دسمبر کو ایوارڈز اور رقم دی جائے گی، ایوارڈز دینے کے لیے سویڈن اور ناروے میں دو مختلف تقاریب ہوں گی۔

سویڈن کے شہر اسٹاک میں ہونے والی تقریب میں طب، کیمسٹری، فزکس، ادب اور اقتصادیات کے نوبیل انعامات دیے جائیں گے جب کہ ناروے کے شہر اوسلو میں ہونے والی تقریب میں امن کا نوبیل انعام دیا جائے گا۔

ادب کے نوبیل انعام کی رقم بھی ناروے کی حکومت ادا کرتی ہے جب کہ اقتصادیات کے نوبیل انعام کی رقم سویڈن کا مرکزی بینک ادا کرتا ہے، باقی چاروں نوبیل انعامات کی رقم نوبیل کمیٹی ادا کرتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں