’قلو پطرہ‘ کی زندگی پر بننے والی فلم کے لیے اسرائیلی اداکارہ کا انتخاب

اپ ڈیٹ 13 اکتوبر 2020
گال گدوت نے ونڈر ویمن جیسی فلموں میں شاندار اداکاری کی ہے—فوٹو: رائٹرز
گال گدوت نے ونڈر ویمن جیسی فلموں میں شاندار اداکاری کی ہے—فوٹو: رائٹرز

دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں اور ریاستوں میں شمار ہونے والی قدیم مصری ریاست کی ملکہ ’قلو پطرہ‘ کی زندگی پر بننے والی ہولی وڈ فلم کے لیے اسرائیلی اداکارہ 35 سالہ گال گدوت کو منتخب کرلیا گیا۔

شوبز ویب سائٹ ڈیڈ لائن کے مطابق ’قلو پطرہ‘ کی زندگی پر فلم بنانے کے لیے ہولی وڈ کے معروف پروڈکشن ہاؤس پیراماؤنٹ پکچرز نے مالکانہ حقوق حاصل کرلیے۔

رپورٹ کے مطابق جہاں معروف اسٹوڈیو نے فلم کے مالکانہ حقوق حاصل کرلیے، وہیں پروڈکشن ہاؤس نے فلم کی ہدایت کار اور اداکارہ کا بھی انتخاب کرلیا۔

’قلو پطرہ‘ کی زندگی پر اسی نام سے بنائی جانے والی فلم کی ہدایات معروف خاتون ہدایت کارہ پیٹی جینکنس دیں گی جنہوں نے ہولی وڈ فلم ’ونڈر ویمن‘ کی ہدایات بھی دی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم میں مصری ملکہ ’قلو پطرہ‘ کا کردار ادا کرنے کے لیے اسرائیلی اداکارہ اور ’ونڈر ویمن‘ ہیروئن گال گدوت کا انتخاب کیا گیا ہے۔

فلم کی ہدایات پیٹی جینکنس دیں گی—فائل فوٹو: اے پی
فلم کی ہدایات پیٹی جینکنس دیں گی—فائل فوٹو: اے پی

’قلو پطرہ‘ کی کہانی امریکی خاتون لکھاری لائتا کولوگردیس لکھیں گی جب کہ وہ فلم کو پروڈیوس بھی کریں گی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’قلو پطرہ‘ کی زندگی پر بنائی جانے والی تھرلر پولیٹیکل بائیوگرافی فلم کوکب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ فلم کی شوٹنگ آئندہ سال شروع کی جائے گی۔

’قلو پطرہ‘ کی زندگی پر پہلے بھی 1963 میں ہولی وڈ میں اسی نام سے فلم بنائی جا چکی ہے، جس میں معروف اداکارہ ایلزبتھ ٹیلر نے مصری ملکہ کا کردار ادا کیا تھا۔

’قلو پطرہ‘ 45 ویں قبل مسیح صدی میں مصر کی خوبرو اور شاطر ملکہ رہ چکی ہیں، انہیں فرعونوں کے دور کی سب سے حسین و جمیل و شاطر ملکہ بھی کہا جاتا ہے۔

گال گدوت ونڈر ویمن سمیت دیگر فلموں میں کام کرچکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
گال گدوت ونڈر ویمن سمیت دیگر فلموں میں کام کرچکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

’قلو پطرہ‘ کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ انہوں نے دشمن ریاست رومی سلطنت کے شہزادے اور فوجی جرنل جولیس سیزر کو بھی اپنے حسن کی بدولت دام میں گرفتار کر رکھا تھا۔

’قلو پطرہ‘ کے حوالے سے یہ بھی کہا جاتا ہے کہ جب جولیس سیزر کا خاتمہ ہوا تو انہوں نے ایک اور رومی جنرل مارک انتھونی کو بھی اپنے دام میں گرفتار کیا اور اس سے بھی عشق لڑاتی رہیں۔

’قلو پطرہ‘ کو نہ صرف مصر کی حسین ترین خاتون اور ملکہ کا اعزاز حاصل تھا بلکہ کہا جاتا ہے کہ ان کی جوانی اور خوبصورتی کے قصے روم اور یونان سمیت اس وقت کی دیگر سلطنتوں تک مشہور تھے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ فلم میں قلوپطرہ کی زندگی میں آنے والے مرد جرنیلوں یعنی جولیس سیزر اور مارک انتھونی سمیت دیگر کے کردار کے لیے کن اداکاروں کو کاسٹ کیا جائے گا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں