وزیراعظم کی اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی،ناجائز منافع خوری کےخلاف کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت

13 اکتوبر 2020
وزیر اعظم نے یہ ہدایات بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں — فائل فوٹو / ڈان نیوز
وزیر اعظم نے یہ ہدایات بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں — فائل فوٹو / ڈان نیوز

وزیر اعظم عمران خان نے حکام کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت ایکشن یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعظم کے میڈیا آفس کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں خصوصاً گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

اجلاس کے پہلے حصے میں ملک میں گندم کی دستیابی، مختلف صوبوں میں گندم اور آٹے کی قیمتوں اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے سرکاری سطح اور نجی شعبے کی جانب سے درآمد کی جانے والی گندم اور ملک میں پہنچنے کا شیڈول پیش کیا گیا۔

سرکاری سطح پر ٹینڈر اور گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ درآمد کا تفصیلی شیڈول بھی پیش کیا گیا۔

اجلاس کو ٹائیگرز فورس اور آزاد ذرائع سے ملک کے مختلف حصوں میں گندم اور آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی، جبکہ گندم کی قیمتوں کو مناسب سطح پر یقینی بنانے اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے حوالے سے اٹھائے جانے والے انتظامی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ستمبر میں بھی مہنگائی بڑھ کر 9فیصد تک پہنچ گئی

ان اقدامات میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد کے بارے میں قابل اعتبار تخمینے لگانے کے حوالے سے مفصل نظام، ہول سیلرز اور پرچون کی سطح پر قیمتوں میں پائے جانے والے فرق کو کم کرنے کے حوالے سے اقدامات، مارکیٹ میں استحصال کے خاتمے اور ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ اور قیاس آرائیوں کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے نئے انتظامی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو حکومت پنجاب کی جانب سے روزانہ کی بنیادپر گندم کی ریلیز کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت سندھ کی جانب سے 16 اکتوبر تک ریلیز شروع کردی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ریلیز کی جانے والی گندم میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ گندم کی وافر سپلائی میسر آئے۔

اجلاس کے دوسرے حصے میں چینی کی دستیابی اور درآمد کی جانے والی چینی اور اس کی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

شرکا کو بتایا گیا کہ درآمد شدہ چینی موجودہ قیمت کے مقابلے میں کم نرخوں پر عوام کو میسر آئے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں 10 نومبر سے کرشنگ سیزن کا آغاز کر دیا جائے گا، موجود ذخائر، درآمد کی جانے والی چینی اور کرشنگ سیزن کے جلدی شروع ہونے سے نہ صرف چینی کی وافر فراہمی میسر آئے گی بلکہ اس سے قیمتوں میں بھی کمی آئے گی۔

مزید پڑھیں: کھانے کی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھنے کے باعث مہنگائی میں 1.24 فیصد اضافہ

وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے ہر ممکنہ انتظامی اقدام اٹھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت ایکشن یقینی بنایا جائے۔

عمران خان نے قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے تجویز کردہ انتظامی اقدامات کی منظوری دی۔

تبصرے (0) بند ہیں