مودی نے پاکستان اور چین کے ساتھ جنگ کیلئے تاریخ طے کرلی ہے، بی جے پی رہنما کا دعویٰ

اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2020
بھارتی وزیر دفاع کے مطابق کسی کو 'ایک انچ' زمین بھی نہیں لینے دیں گے — فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس
بھارتی وزیر دفاع کے مطابق کسی کو 'ایک انچ' زمین بھی نہیں لینے دیں گے — فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک سینئر رہنما نے کہا ہے کہ نریندر مودی نے پاکستان اور چین کے ساتھ جنگ کے لیے تاریخ طے کرلی ہے۔

ڈان اخبار میں شائعرپورٹ کے مطابق بھارتی نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے رپورٹ کیا کہ بی جے پی کی ریاست اتر پردیش کے چیف سواتنترا دیو سنگھ نے پارٹی کارکنان کے اجلاس میں بتایا کہ نریندر مودی نے فیصلہ کرلیا ہے کہ بھارت کب پاکستان اور چین کے ساتھ جنگ کرے گا۔

بی جے پی رہنما کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا جب بھارت اور چین کے درمیان لائن آف ایکچول کنٹرول پر کشیدگی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سرحدی کشیدگی: بھارت اور چین کے فوجی کمانڈرز کی دوبارہ ملاقات

مذکورہ رپورٹ جس کا این ڈی ٹی وی اور انڈین ایکسپریس سمیت متعدد نشریاتی اداروں حوالہ بھی دیا، اس کے مطابق بی جے پی رہنما نے اپنے اس دعویٰ کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے آغاز اور آئین کے آرٹیکل 370 کے تحت مقبوضہ جموں اینڈ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے جوڑا۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بیان میں انہیں کہتے سنا گیا کہ 'رام مندر اور آرٹیکل 370 کے فیصلوں کی طرح نریندر مودی فیصلہ کرچکے ہیں کہ پاکستان اور چین کے ساتھ جنگ کب کی جائے گی‘۔

ویڈیو میں انہوں نے ہندی زبان میں کہا کہ سمبابندھت تیتھی تے ہے (تاریخ کا فیصلہ ہوچکا ہے)۔

سواتنترا دیو سنگھ نے یہ بات بی جے پی کے ایم ایل اے سنجے یادیو کے گھر پر منعقدہ تقریب میں کہی، جنہوں نے بعدازاں اس کی ویڈیو جاری کی۔

مزید پڑھیں: سرحدی کشیدگی: چین اور بھارت کا ایک دوسرے پر فائرنگ کا الزام

بی جے پی رہنما نے اپنے بیان میں سماج وادی پارٹی اور بہوجان پارٹی کے کارکنان کو 'دہشت گردوں' سے تشبیہ دی۔

ادھر اس حوالے سے جب مقامی ایم پی روندا کشواہا سے بی جے پی رہنما کے بیان سے پوچھا گیا تو ان کہنا تھا کہ یوپی میں بی جے پی کے صدر نے یہ بیان پارٹی کارکنان کا حوصلہ بڑھانے کے لیے دیا۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کا کہنا تھا کہ سواتنترا دیو سنگھ کا رپورٹ کردہ بیان انڈیا کے مؤقف سے انحراف کرتا دکھائی دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت اور چین سرحد پر امن بحال کرنے پر متفق

علاوہ ازیں بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اس بات کو دوہرایا کہ بھارت، چین کے ساتھ سرحدی کشیدگی ختم کرنا چاہتا ہے تاہم ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر زور بھی دیا کہ وہ کسی کو 'ایک انچ' زمین بھی نہیں لینے دے گا۔


یہ خبر 26 اکتوبر 2020 کو ڈان نیوز میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں