بیٹنگ کرتی بنگلہ دیشی کرکٹر کا برائیڈل فوٹو شوٹ وائرل

اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2020
سنجیدہ اسلام کا یہ فوٹو شوٹ ایک کرکٹ فیلڈ میں ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا — فوٹو: اے ایف پی
سنجیدہ اسلام کا یہ فوٹو شوٹ ایک کرکٹ فیلڈ میں ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا — فوٹو: اے ایف پی

آج کل شادی کے فوٹو شوٹ کو نت نئے آئیڈیاز کے ساتھ منفرد بنانے کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے اور شادی شدہ جوڑوں کے فوٹو شوٹس جہاں ان کے لیے یادگار ہوتے ہیں وہیں اپنی انفرادیت کے باعث مقبول بھی ہوجاتے ہیں۔

حال ہی میں بنگلہ دیش کی نیشنل ویمن ٹیم کی کرکٹر سنجیدہ اسلام کا شادی کا فوٹو شوٹ وائرل ہوا جس میں وہ شادی کے لباس میں بیٹنگ کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

24 سالہ سنجیدہ اسلام نے رنگپور کے فرسٹ کلاس کرکٹر میم مصدق سے شادی کی ہے اور وہ فوٹو شوٹ کے دوران روایتی زرق برق لباس، جیولری پہنے اور بیٹنگ کرتی نظر آئیں۔

سنجیدہ اسلام کا یہ فوٹو شوٹ ایک کرکٹ فیلڈ میں ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

بعد ازاں خاتون کرکٹر نے اپنی شادی کی تقریب کی تصاویر بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی تھیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

جس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی ان کی تصاویر اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کیں۔

آئی سی سی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ لباس، زیورات، کرکٹ بیٹ، کرکٹر کی شادی کا فوٹو شوٹ ایسا ہی ہوتا ہے۔

دوسری جانب ای ایس پی این کرک انفو نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر سنجیدہ اسلام کے برائیڈل فوٹو شوٹ کی تصاویر شیئر کیں۔

ای ایس پی این کرک انفو نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’شادی کا فوٹو شوٹ جس نے ہم سب کو بولڈ کردیا’۔

سنجیدہ اسلام نے اپنے 8 سالہ انٹرنیشنل کیریئر میں 16 ون ڈے اور 54 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں، انہوں نے ون ڈے میچز میں مجموعی طور پر 174 رنز بنائے اور وہ ٹی 20 میچز میں 520 رنز بنا چکی ہیں۔

بنگلہ دیشی کرکٹر نے 2012 میں ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا اور رواں برس ٹی 20 ورلڈ کپ میں میلبورن میں سری لنکا کے خلاف بنگلہ دیش کی نمائندگی کی تھی۔

اپنے فوٹو شوٹ کے حوالے سے سنجیدہ اسلام نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ان کا بیٹ کے ساتھ پوز کرنے کا ارادہ نہیں تھا’۔

انہوں نے کہا کہ اپنی شادی کی رسومات سے ایک روز قبل وہ میم مصدق کے ساتھ اسٹیڈیم گئی تھیں۔

سنجیدہ اسلام نے کہا کہ میں نے کچھ بچوں کو کھیلتے دیکھا اور میں خود کو روک نہیں سکی، میرے ساتھیوں نے ان لمحات کو خوبصورتی سے تصاویر میں قید کرلیا۔

انہوں نے بتایا کہ ’میں نے فیس بک اور انسٹاگرام پر معمول کی طرح تصاویر شیئر کی تھیں، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ وہ وائرل ہوجائیں گی’۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

تبصرے (0) بند ہیں