پراسرار طور پر کورونا سے متاثر الجیریا کے صدر جرمنی میں زیر علاج

اپ ڈیٹ 04 نومبر 2020
الجیریا کے صدر کو 28 اکتوبر کو ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا— فوٹو:اے پی
الجیریا کے صدر کو 28 اکتوبر کو ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا— فوٹو:اے پی

الجیریا کےحکام نے صدر عبدالمجید تیبونس کے پراسرار طور پر گزشتہ ماہ جرمنی کے ہسپتال میں داخل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

خبر ایجنسی ’اے پی‘ کی رپورٹ کے مطابق الجیریا کے صدر کے سیکریٹریٹ کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ صدر عبدالمجید تیبونس کو پراسرار بیماری کے باعث گزشتہ ماہ جرمنی کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے فعال کیسز 15 ہزار سے تجاوز کرگئے

بیان میں کہا گیا کہ صدر کی بیماری کورونا وائرس تھی جبکہ عوام اور میڈیا کو اس سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔

صدر کی صحت کے بارے میں بتایا گیا کہ 74 سالہ عبدالمجید تیبونس کی صحت بتدریج بحال ہو رہی ہے تاہم وہ جرمنی کے ہسپتال میں کووڈ-19 کا علاج کروا رہے ہیں۔

الجیریا کے صدر کو جرمنی میں 28 اکتوبر کو داخل کیا گیا تھا لیکن پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر تصدیق کی گئی کہ اس کی وجہ کووڈ-19 تھی۔

اس سے قبل ان کی بیماری کے حوالے سے باقاعدہ طور پر کچھ نہیں بتایا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق صدر کے بعد ان کے قریبی عہدیداروں میں بھی علامات ظاہر ہوئی تھیں اور صدر کو سرکاری طور پر بنائے گئے مرکز میں رکھا گیا تھا۔

کورونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار جاری کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق الجیریا میں اب تک 59 ہزار 527 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ میں عائد 4 ہفتوں کے لاک ڈاؤن میں طویل توسیع کا خدشہ

الجیریا میں اب تک کورونا سے ایک ہزار 999 متاثرین ہلاک ہوئے جبکہ 41 ہزار افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 4 کروڑ 81 لاکھ 44 ہزار 572 تک پہنچ گئی ہے جبکہ دنیا بھر میں 12 لاکھ 24 ہزار 692 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

امریکا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں کیسز کی تعداد 97 لاکھ 4 ہزار 413 جبکہ 2 لاکھ 38 ہزار 797 ہلاکتیں ہوئیں۔

دوسرے نمبر پر بھارت اور تیسرے نمبر پر برازیل ہے جہاں بالترتیب 83 لاکھ 53 ہزار 493 اور 55 لاکھ 67 ہزار 126 کیسز کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

برازیل میں کورونا سے ایک لاکھ 60 ہزار 548 اور بھارت میں ایک لاکھ 23 ہزار 961 متاثرین ہلاک ہوئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں