بھارت: کیمیکل کے گودام میں دھماکا، خواتین سمیت 12 افراد ہلاک

05 نومبر 2020
انہوں نے بتایا کہ واقعے میں 5 خواتین اور 9 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں—فوٹو: بشکریہ ہندستان ٹائمز
انہوں نے بتایا کہ واقعے میں 5 خواتین اور 9 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں—فوٹو: بشکریہ ہندستان ٹائمز

بھارت کے مغربی حصے میں کیمیکل کے ایک گودام میں دھماکے کے بعد چھت گرنے سے خواتین سمیت 12 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے 'اےا یف پی' کے مطابق بھارتی حکام نے بتایا کہ مغربی گجرات کے شہر احمد آباد کے نواح میں واقع ایک صنعتی کمپلیکس میں واقعہ پیش آیا۔

مزیدپڑھیں: بھارت کے مرکزی اسلحہ ڈپو میں دھماکا، 6 افراد ہلاک

انہوں نے بتایا کہ واقعے میں 5 خواتین اور 9 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اموات کی تعداد 12 ہوگئی ہے جس میں 5 خواتین بھی شامل ہیں'۔

فائر کنٹرول روم کے ڈیوٹی افسر نے بتایا کہ 9 افراد زخمی ہیں اور ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زخمی ہونے والے افراد کا علاج جاری ہے۔

عینی شاہدین نے صحافیوں کو بتایا کہ دھماکے سے عمارت کی دیواریں پھٹ گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: پٹاخے بنانے والی غیر قانونی فیکٹری میں دھماکا، 10 افراد ہلاک

احمد آباد کے چیف فائر افسر ایم ایف دستور نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں بتایا گیا کہ دھماکہ کیمیائی اسٹور میں آگ لگنے کے سبب ہوا تھا اور دھماکے سے عمارت ملبے کے ڈھیر میں بدل گئی۔

دوسری جانب وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ حکام متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس فروری میں شمالی بھارت میں آتش بازی کا سامان بنانے والی غیر قانونی فیکٹری میں دھماکے سے 10 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ریاست اتر پردیش کے ضلع بھادوہی میں قائم فیکٹری میں دھماکے سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا تھا اور مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت عمارت کے ملبے سے لاشیں نکالیں۔

ریاست کے سینئر پولیس افسر نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری، قالین بنانے کے کاروبار کے آڑ میں چلائی جارہی تھی۔

21 نومبر 2018کو بھارتی شہر ناگپور سے 90کلومیٹر دور واقع پلگاؤں میں بھارتی فوج کے مرکزی اسلحہ ڈپو میں آرڈیننس فیکٹری کے آفیشلز شلکھا راؤنڈز کو ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔

مزیدپڑھیں: بھارت کے مرکزی اسلحہ ڈپو میں دھماکا، 6 افراد ہلاک

لیکن شلکھا راؤنڈز کو تباہ کرنے کے دوران ہی صبح 7 بجے ایک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک فوجی، آرڈیننس فیکٹری کا ملازم اور دیگر چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

قبل ازیں 26 مئی 2016 کو ممبئی کی ایک کیمیکل فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ 92 زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں