پاکستان میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 16 ہزار سے زائد ہوگئی

اپ ڈیٹ 07 نومبر 2020
پاکستان میں وبا کے مزید 421 مریض صحتیاب بھی ہوگئے — فائل فوٹو / اے پی
پاکستان میں وبا کے مزید 421 مریض صحتیاب بھی ہوگئے — فائل فوٹو / اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال میں ایک مرتبہ پھر اضافے کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے اور یومیہ کیسز اور اموات بڑھ رہی ہیں۔

سرکاری حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی بتدریج دوسری لہر شروع ہوچکی ہے جبکہ اسی کو دیکھتے ہوئے مارکیٹوں، بازاروں، شادی ہالز کو رات 10 بجے جبکہ تفریحی مقام اور پارکوں کو 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ ماسک پہننا بھی لازمی قرار دیا گیا تھا۔

ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار 830 ہے جس میں سے 3 لاکھ 17ہزار 86 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ انتقال کرجانے والوں کی تعداد 6 ہزار 926 ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 1399 نئے کیسز اور 16 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 421 مریض صحتیاب بھی ہوگئے۔

اس تعداد میں خیبرپختونخوا کے 126 کیسز اور 3 اموات جبکہ بلوچستان کے 7 کیسز گزشتہ روز کے اعداد و شمار تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد سے وبا کی صورتحال میں خاصی بہتری آئی تھی لیکن خطرہ ٹلا نہیں تھا۔

اس عرصے کے دوران سب سے زیادہ تشویش ناک صورتحال جون کے مہینے میں دیکھنے میں آئی، اس ماہ کے دوران یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد تک جا پہنچی تھی۔

بعد ازاں جولائی کے مہینے میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن نظر آئی اور کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور پھر اگست میں اس میں مزید بہتری رپورٹ ہوئی۔

ماہ ستمبر میں کورونا وائرس کی صورتحال مزید بہتر ہونے کے بعد 6 ماہ سے زائد عرصے سے بند تعلیمی اداروں کو بھی کھول دیا گیا تھا تاہم ستمبر کے اواخر سے کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

آج 6 نومبر کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح کی ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا کے 579 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی جو جولائی کے آخر کے بعد ایک روز میں سامنے آنے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس اضافے کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 48 ہزار 922 ہوگئی۔

صوبے میں وبا سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2667 ہوگئی۔

سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 10 ہزار 330 ٹیسٹ کیے گئے جس میں نتائج مثبت آنے کی شرح 5.6 فیصد رہی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت تک وائرس پر قابو نہیں پاسکتے جب تک عوام ایس او پیز کو اپنی زندگی کا حصہ نہ بنا لیں، بصورت دیگر میرے پاس پابندیاں عائد کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہوگا۔

پنجاب

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 321 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 5 ہزار 856 ہوگئی۔

صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 5 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 2390 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق دارالحکومت میں وبا کے مزید 273 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد اسلام آباد میں متاثرین کی تعداد 20 ہزار 967 ہوگئی۔

اسلام آباد میں وائرس سے مزید 2 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد یہاں جاں بحق مریضوں کی تعداد 231 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 81 کیسز کا اضافہ ہوا اور یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 572 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وبا سے 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 107 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا سے مزید 12 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 4 ہزار 332 ہوگئی۔

وادی میں وائرس سے مزید کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا، یوں مجموعی اموات 92 پر برقرار ہیں۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 421 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 17 ہزار 86 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 340830

اموات: 6926

صحتیاب: 317086

فعال کیسز: 16818

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 922 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 5 ہزار 856 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 40 ہزار 148 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 16 ہزار 33 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 20 ہزار 967، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 332 اور آزاد کشمیر میں 4 ہزار 572 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 2667

پنجاب: 2390

خیبرپختونخوا: 1287

بلوچستان: 152

اسلام آباد: 231

آزاد کشمیر: 107

گلگت بلتستان: 92

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں