پاکستانی امپائر احسن رضا نے ٹی20 کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

اپ ڈیٹ 08 نومبر 2020
احسن رضا 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں ہوئے دہشت گرد حملے میں زخمی ہوئے تھے— فائل فوٹو: اے ایف پی
احسن رضا 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں ہوئے دہشت گرد حملے میں زخمی ہوئے تھے— فائل فوٹو: اے ایف پی

علیم ڈار کے بعد پاکستان کے نامور امپائر احسن رضا نے بھی نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور 50 ٹی 20 میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے دنیا کے پہلے امپائر بن گئے۔

احسن رضا نے 49 ٹی20 میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز حاصل کر رکھا تھا لیکن زمبابوے اور پاکستان کے درمیان دوسرے ٹی20 میچ میں امپائرنگ کی بدولت وہ 50ویں انٹرنیشنل ٹی20 میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے دنیا کے پہلے امپائر بن گئے۔

مزید پڑھیں: ’آج بھی وہ دن ڈراؤنے خواب کی طرح یاد ہے‘، احسن رضا

راولپنڈی میں دوسرے ٹی20 میچ سے قبل علیم ڈار نے انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے یادگاری شیلڈ پیش کر کے اس اعزاز کے حصول پر مبارکباد پیش کی۔

احسن رضا نے کہا کہ کبھی سوچا بھی نہ تھا میں دنیا میں 50 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز حاصل کرنے والا دنیا کا پہلا امپائر بنوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی، پاکستان کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سپورٹ حاصل رہی جس کی وجہ سے میں اس مقام پر پہنچا ہوں'۔

2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گرد حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے امپائر نے کہا کہ وہ حادثہ گزر چکا ہے اور میں اس کو بھول چکا ہوں، اب ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی رونقیں بحال ہو چکی ہیں اور میں چاہتا تھا کہ لوگ مجھے میری امپائرنگ سے یاد رکھیں۔

احسن رضا ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہوئے وکٹ کیپنگ کرتے تھے اور وہ سمجھتے ہیں ان کے درست فیصلوں میں اس تجربے کا بھی بہت عمل دخل ہے جو انہیں وکٹ کیپنگ کرتے ہوئے حاصل ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: علیم ڈار کا 210 ون ڈے میچوں میں امپائرنگ کا عالمی ریکارڈ

انہوں نے کہا کہ جس طرح امپائرنگ میں ہر گیند پر فیصلہ نہیں کیا جاتا، بالکل اسی طرح وکٹ کیپنگ میں ہر گیند پر کیچ یا اسٹمپ نہیں آتا اس لیے آپ کی توجہ مستقل برقرار رہتی ہے۔

پاکستانی امپائر نے کہا کہ اب امپائرنگ ایک پیشے سے بڑھ کر ہے کیونکہ کھیل میں حد سے زیادہ ٹیکنالوجی آنے کی وجہ سے امپائرز کو بہت زیادہ فوکس کرنا پڑتا ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ میچوں میں امپائرنگ والوں کی فہرست میں دوسرا نمبر بھی پاکستان ہی کے علیم ڈار کا ہے جو اب تک 47 ٹی20 میچوں میں فرائض انجام دے چکے ہیں۔

اس فہرست میں تیسرا نمبر انگلینڈ کے ای این گولڈ کا ہے جو 37 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ چند قبل ہی زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں امپائرنگ کی بدولت علیم ڈار سب سے زیادہ ون ڈے میچوں میں امپائرنگ کرنے والے امپائر بن گئے تھے اور یہ بات پاکستان کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی سب سے زیادہ 132 میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز بھی علیم ڈار ہی رکھتے ہیں۔

اس طرح کھیل کے تینوں فارمیٹ میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز پاکستانی آفیشلز کے پاس ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں