یو اے ای نے پاکستان سمیت 12 ممالک کیلئے وزٹ ویزے کا اجرا معطل کردیا

اپ ڈیٹ 18 نومبر 2020
زاہد حفیظ چوہدری نے واضح کیا کہ معطلی کا اطلاق پہلے سے جاری کردہ ویزوں پر نہیں ہوگا — فائل فوٹو / اے پی پی
زاہد حفیظ چوہدری نے واضح کیا کہ معطلی کا اطلاق پہلے سے جاری کردہ ویزوں پر نہیں ہوگا — فائل فوٹو / اے پی پی

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان سمیت 12 ممالک کو وزٹ ویزا کے اجرا کا عمل عارضی طور پر غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ یو اے ای انتظامیہ کی جانب سے یہ فیصلہ ممکنہ طور پر کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہم اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کے متعلقہ حکام سے سرکاری طور پر تصدیق کا انتظار کر رہے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ معطلی کا اطلاق پہلے سے جاری کردہ ویزوں پر نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ایمیریٹس ایئرلائن نے 'سخت شرائط' کے ساتھ پاکستان کیلئے پروازیں بحال کردیں

ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ معطلی کا اطلاق ویزا کی کتنی کیٹیگریز پر ہوگا۔

متحدہ عرب امارات میں بزنس، سیاحت، ٹرانزٹ اور طلبا سمیت ویزے کی متعدد اقسام ہیں۔

واضح رہے کہ جون میں پاکستان میں تیزی سے کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد متحدہ عرب امارات کی ایئرلائن ایمیریٹس نے پاکستان سے 3 جولائی تک کے لیے مسافر سروس عارضی طور پر معطل کردی تھی۔

یہ فیصلہ ایمیریٹس کی پرواز کے ذریعے ہانگ کانگ جانے والے 30 پاکستانی شہریوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کیا گیا تھا۔ بعد ازاں ایئرلائن نے جولائی میں پروازیں بحال کردی تھیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: کورونا وائرس کے کیسز کی شرح اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

اگست میں کویت کی ایوی ایشن نے وبا کے حوالے سے 'انتہائی خطرناک' قرار دے کر پاکستان سمیت 31 ممالک کے لیے کمرشل پروازوں پر پابندی لگادی تھی۔

پاکستان میں اکتوبر کے وسط سے کورونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہورہا ہے اور انتظامیہ اسے وبا کی دوسری لہر قرار دے چکی ہے۔

گزشتہ چھ روز کے دوران پاکستان میں یومیہ 2 ہزار سے زائد کیسز سامنے آرہے ہیں اور حکام خبردار کر چکے ہیں کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد اور حیدر آباد سمیت بڑے شہروں میں ٹیسٹ کی مثبت شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسکولوں کو بند کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ آئندہ ہفتے کریں گے، وزیراعظم

پیر کے روز وزیر اعظم عمران خان نے عوام پر وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 'بطور قوم' کردار ادا کرنے پر زور دیا تھا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حکومتی جلسوں پر پابندی کا اعلان کیا تھا اور اپوزیشن سے بھی جلسے نہ کرنے کی درخواست کی تھی، ساتھ ہی عوام پر ماسک لازمی طور پر پہننے اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے پر زور دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں