روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ ماسکو ضرورت مند ممالک کو اپنی کورونا وائرس ویکسین 'اسپوٹنک وی' فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والے 'جی 20' ممالک کے ورچوئل سربراہی اجلاس سے خطاب کے دوران ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ ’ہر ایک کو موثر اور محفوظ ویکسینز دستیاب ہونی چاہئیں اور روس ضرورت مند ممالک کو اپنی کورونا وائرس کی ویکسین فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

مزید پڑھیں: اسپوٹنک وی کورونا ویکسین 92 فیصد موثر ہے، روس کا دعویٰ

انہوں نے کہا کہ روس اس اجلاس کے مسودے کے فیصلے کی حمایت کرتا ہے جس کا مقصد سب کو موثر اور محفوظ ویکسین دستیاب کرنا ہے۔

روسی صدر نے کہا کہ ’ہمارے محققین کی تیار کردہ ویکسین تمام مملک کو فراہم کی جاسکتی ہے‘۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ دنیا کی پہلی رجسٹرڈ 'اسپوٹنک وی' ویکسین ہے جبکہ نووسیبیرسک ریسرچ سینٹر کی دوسری ویکسین 'ایپی ویک کورونا' بھی تیار ہے۔

ولادی میر پیوٹن نے بتایا کہ تیسری روسی ویکسین بھی جلد آرہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روس کورونا کے خلاف ویکسین تیار کرنے والا پہلا ملک بن گیا

روسی صدر نے کہا کہ وبائی بیماری نے ہمیں تمام وسائل اور دستیاب تحقیق استعمال کرنے پر مجبور کردیا، ہمارا مشترکہ ہدف ویکسین کی تیاری اور اسے عوام کے لیے اعتماد کے ساتھ قابل استعمال بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہر ایک ساتھی کے لیے کافی کام ہوگا اور مجھے لگتا ہے کہ یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس میں ہمیں بنیادی طور پر انسان دوست خیالات سے آگے بڑھنا چاہیے اور اسے ترجیح دینی چاہیے۔

روسی صدر نے کہا کہ کورونا وائرس نے معاشی بحران کو جنم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانوں کو 2020 میں جس قدر پریشانی کا سامنا کرنا پڑا وہ واقعی بے مثال ہے، ایک عالمی لاک ڈاؤن اور معطل معاشی سرگرمیوں نے ایک معاشی بحران پیدا کیا۔

مزید پڑھیں: روس کی تیارکردہ کورونا ویکسین ابتدائی مرحلے میں پاس ہوگئی، رپورٹ

خیال رہے کہ روس میں طبی ماہرین نے دعویٰ کیا تھا کہ ابتدائی نتائج میں اسپوٹنک وی کورونا ویکسین 92 فیصد مؤثر ثابت ہوئی ہے۔

روس کی وزارت صحت کے تحت 'جمیلیا' کے قائم کردہ تحقیقی مرکز اور روسی براہ راست سرمایہ کاری فنڈ (آر ڈی آئی ایف) کے مطابق کورونا ویکسین 16 ہزار رضاکاروں کو دی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں