لبنان: جیل سے 70 قیدی فرار، 5 روڈ حادثے میں ہلاک

22 نومبر 2020

ای میل

لبنانی پولیس نے قیدیوں کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کردیا—فوٹو: اے ایف پی
لبنانی پولیس نے قیدیوں کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کردیا—فوٹو: اے ایف پی

لبنان میں پولیس نے کہا ہے کہ جیل توڑ کر فرار ہونے والے 70 قیدیوں میں سے 5 روڈ حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت کے نواحی علاقے بعبداجیل میں واقع جیل سے تقریباً 70 قیدی فرار ہوگئے تھے۔

مزیدپڑھیں: فلپائن کی جیل پر حملہ ،158 قیدی فرار

جس کے بعد لبنانی پولیس نے قیدیوں کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کردیا۔

پولیس کے مطابق فرار ہونے والے 5 قیدی اس وقت حادثے میں ہلاک ہوگئے جب انہوں نے ایک کار چوری کرکے اس میں فرار ہونے کی کوشش۔

پولیس نے بتایا کہ پولیس اس کار کا تعاقب کررہی تھی قیدیوں کی کار ایک درخت سے ٹکرا گئی۔

علاوہ ازیں پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس نے 15 قیدیوں کو گرفتار کرلیا جبکہ 4 قیدیوں نے ازخود پولیس کو حوالے کردیا۔

مزیدپڑھیں: طرابلس: جیل سے 400 سے زائد قیدی فرار

پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور فرار ہونے والے قیدیوں کی تلاش شروع کردی۔

ایوان صدر کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ صدر مشیل آؤن کو نگراں وزیر داخلہ نے فرار ہونے والے قیدیوں اور سرچ آپریشن کے بارے میں آگاہ کیا۔

ایوان صدر کی جانب سے کہا گیا کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی این این اے نے کہا تھا کہ قیدی صبح کے وقت جیل کے دروازے توڑنے کے بعد فرار ہوگئے تھے۔

پراسیکیوٹر غدا عون نے جیل توڑ کر فرار ہونے قیدیوں سے متعلق فوری تحقیقات کا حکم دیا۔

انہوں نے اس امکان کو مسترد نہیں کیا کہ جیل حکام اور قیدیوں کے مابین تضادم بھی ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: وسطی افریقی جمہوریہ میں 500 قیدی فرار

دوسری جانب فوجی عدالت میں حکومتی نمائندے جج فادی اکیکی نے حراستی مرکز اور کار حادثے کے مقام کا معائنہ کرنے کے بعد سیکیورٹی حکام کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔

علاوہ ازیں قیدیوں کے رشتے دار جیل کے باہر جمع ہوئے ہوگئے۔