'ارطغرل غازی' کا تیسرا سیزن نشر ہونے سے قبل منفرد ریکارڈ

اپ ڈیٹ 25 نومبر 2020
جلد ہی ڈرامے کا تیسرا سیزن نشر کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
جلد ہی ڈرامے کا تیسرا سیزن نشر کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

رواں برس 25 اپریل کو وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی فرمائش پر پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر اردو ترجمے کے ساتھ نشر کیے جانے والے ترک ڈرامے 'دیریلیش ارطغرل' یعنی 'ارطغرل غازی' نے تیسرا سیزن شروع ہونے سے قبل ایک نیا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

پی ٹی وی پر اب تک 'ارطغرل غازی' کے مجموعی طور پر دو سیزن دکھائے جا چکے ہیں اور جلد ہی تیسرے سیزن کا آغاز ہونے والا ہے، تاہم ڈرامے کی مقبولیت میں ہر گزرتے دن اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

پی ٹی وی انتظامیہ کی جانب سے 'ارطغرل غازی' کو نشر کیے جاتے وقت ہی ایک علیحدہ یوٹیوب چینل 'ٹی آر ٹی ارطغرل بائے پی ٹی وی' کے نام سے بنایا گیا تھا، جس پر اب ایک کروڑ سبسکرائبرز ہوچکے ہیں۔

مذکورہ چینل کو 'ارطغرل غازی' کو پی ٹی وی پر نشر کرتے وقت ہی بنایا گیا تھا اور اسے پہلے ہی دن 40 ہزار افراد نے سبسکرائب کیا تھا جب کہ مذکورہ چینل کو محض 15 دن میں 10 لاکھ افراد نے سبسکرائب کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی وی ارطغرل غازی کی مدد سے عالمی ریکارڈ بنانے کا خواہشمند

اگرچہ پی ٹی وی مذکورہ یوٹیوب چینل کے ذریعے کم وقت میں زیادہ سبسکرائبرز کا عالمی ریکارڈ بنانے کا خواہاں تھا تاہم ایسا نہیں ہوسکا تھا لیکن اب اسی چینل نے ایک نیا سنگ میل عبور کرلیا۔

اب مذکورہ یوٹیوب چینل کے محض 7 ماہ میں سبسکرائبرز کی تعداد ایک کروڑ تک جا پہنچی ہے جب کہ اسی چینل پر ڈرامے کی اپ لوڈ کی گئی پہلی قسط کو اب تک 8 کروڑ 30 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔

یوٹیوب کے 22 نومبر کو ہی ایک کروڑ سبسکرائبرز ہوگئے تھے—اسکرین شاٹ
یوٹیوب کے 22 نومبر کو ہی ایک کروڑ سبسکرائبرز ہوگئے تھے—اسکرین شاٹ

مذکورہ یوٹیوب چینل پر 'ارطغرل غازی' کے دونوں سیزنز کی تقریبا 150 اقساط میں سے ہر قسط کو اوسطا 50 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔

'ارطغرل غازی' کے پہلے سیزن میں 76 اقساط تھیں اور پہلے سیزن کی آخری قسط کو یوٹیوب پر 7 اگست 2020 کو اپ لوڈ کیا گیا تھا، دوسرے سیزن کی پہلی قسط کو 8 اگست کو جاری کیا گیا تھا۔

'ارطغرل غازی' کے دوسرے سیزن میں بھی تقریبا پہلے سیزن جتنی قسطیں ہیں اور 22 نومبر تک اس کی 75 قسطیں جاری کی جا چکی تھیں۔

جلد ہی 'ارطغرل غازی' کا تیسرا سیزن پی ٹی وی پر نشر ہوگا اور اب اس ڈرامے کو ہفتے کے 5 دنوں میں نشر کیا جاتا ہے، مذکورہ ڈرامے کو پیر اور منگل کے علاوہ ہفتے کے تمام دنوں میں پی ٹی وی پر نشر کیا جاتا ہے۔

مذکورہ ڈرامے کو ترکی کا ’گیم آف تھرونز‘ بھی کہا جاتا ہے اور اس ڈرامے کو 13ویں صدی میں اسلامی فتوحات کے حوالے سے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں 'ارطغرل غازی' ترکی سے بھی زیادہ مقبول ہوگیا

’دیریلیش ارطغرل‘ ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی کہانی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

رامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔

یہ ڈراما پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیے جانے سے قبل ہی دنیا کے 60 ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے۔

یہ ڈراما پانچ سیزن پر مبنی ہے، اس ڈرامے کو ابتدائی طور پر 2014 میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ ڈراما ’نیٹ فلیکس‘ سمیت دیگر آن لائن اسٹریمنگ چینلز پر موجود ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں