سال 2020 میں لوگوں نے گوگل سے کیا سوال پوچھے؟

10 دسمبر 2020
رواں برس دنیا بھر کے لوگوں نے ' کیوں' کا لفظ ہمیشہ سے کہیں زیادہ استعمال کیا— فائل فوٹو: شٹراسٹاک
رواں برس دنیا بھر کے لوگوں نے ' کیوں' کا لفظ ہمیشہ سے کہیں زیادہ استعمال کیا— فائل فوٹو: شٹراسٹاک

انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے سال 2020 کے اختتام پر دنیا بھر میں ان سے سب سے زیادہ پوچھے جانے والے سوالات پر مشتمل ایک ویڈیو جاری کی ہے۔

کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث نافذ ہونے والے لاک ڈاؤنز اور پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے دوران لوگوں نے گوگل سے بہت سے سوالات پوچھے۔

گوگل کے مطابق غیریقنی صورتحال میں لوگ، چیزوں کے معنی تلاش کرتے ہیں اور انہیں سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

رواں برس دنیا بھر کے لوگوں نے ' کیوں' (why) کا لفظ ہمیشہ سے کہیں زیادہ استعمال کیا اور گوگل سے کچھ چیزوں کے بارے میں پوچھا۔

— فوٹو:اسکرین شاٹ
— فوٹو:اسکرین شاٹ

سرچ انجن نے جاری کردہ اس ویڈیو میں رواں برس زیادہ پوچھے جانے والے سوالات شامل کیے ہیں۔

اس سال لوگوں نے گوگل سے سب سے زیادہ یہ سوال کیا کہ اسے (کورونا وائرس کو) کووڈ-19 کیوں کہا جاتا ہے؟

خیال رہے کہ 11 فروری کو عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کو کووڈ-19 کا نام دیا تھا، یہ 3 الفاظ کا مرکب ہے، جس میں 'کو' کا مطلب کورونا، 'وی' کا مطلب وائرس اور 'ڈی ' کے معنی ڈیزیز یعنی بیماری کے ہیں۔

— فائل فوٹو: شٹراسٹاک
— فائل فوٹو: شٹراسٹاک

لوگوں نے گوگل سے یہ بھی پوچھا کہ مریخ سرخ کیوں ہے اور چاند گلابی کیوں ہے؟ رواں برس اپریل میں سال کے سب سے بڑے 'سپر مون ' کا نظارہ کیا گیا تھا جسے 'پنک مون' کا نام بھی دیا گیا تھا۔

یہ سوال بھی کیا گیا کہ پیراسائٹ(فلم) اتنی اچھی کیوں ہے؟ جبکہ لوگوں نے یہ بھی جاننے کی کوشش کی کہ این بی اے (نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن) کی لیگ کیوں ملتوی ہوئی؟

دراصل کورونا وائرس کے باعث صحت کے پیشِ نظر** این بی اے لیگ** ملتوی ہوگئی تھی۔

کچھ لوگوں نے یہ پوچھا کہ میں اتنا تھکا ہوا کیوں ہوں، اسکولز کیوں بند ہوگئے ؟

خیال رہے کہ عالمی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں تعلیمی نظام تعطل کا شکار ہوا اور تعلیمی اداروں کو طویل بندش کی طرف لے جاتے ہوئے آن لائن کلاسز کا متبادل اختیار کیا گیا۔

کچھ لوگوں نے گوگل سے پوچھا کہ ٹوائلٹ پیپر کیوں ختم ہوگئے ہیں؟ جب کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤنز لگے تو اس دوران لوگوں نے ذخیرہ اندوزی بھی شروع کی اور یورپ، امریکا میں یکدم ٹوائلٹ پیپرز کی قلت پیدا ہوگئی تھی۔

گوگل کی اس ویڈیو میں کہا گیا کہ اس سال کیے جانے والے کچھ سوالات نے ہمیں رلادیا۔

کچھ لوگوں نے پوچھا کہ آسٹریلیا کیوں جل رہا ہے؟

خیال رہے کہ 2019 کے آخر اور 2020 کے آغاز میں آسٹریلیا بھر کے جنگلات اور خشک سالی سے متاثرہ زمین کا ایک لاکھ 15 ہزار اسکوائر کلومیٹرز سے زائد (44 ہزار اسکوائر میل) حصے پر آگ لگی تھی جس کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک اور ہزاروں گھر تباہ ہوگئے تھے۔

—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

لوگوں نے یہ بھی پوچھا کہ اتنی زیادہ آگ کیوں لگ رہی ہے؟دراصل گزشتہ برس برازیل کے شمالی حصے میں واقع وسیع و عریض ایمیزون کے جنگلات میں سیکڑوں مقامات پر نئی آگ بھڑک اٹھی تھی اور اس سال آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ سے تباہی پھیلی۔

—فائل فوٹو:رائٹرز
—فائل فوٹو:رائٹرز

اس سال لوگوں نے گوگل سے یہ بھی پوچھا کہ آسمان نارنجی کیوں ہے؟

رواں برس ستمبر میں کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ کا دھواں سان فرانسسکو کے علاقے میں پھیلنے سے آسمان کا رنگ نارنجی ہوگیاتھا۔

—فائل فوٹو:رائٹرز
—فائل فوٹو:رائٹرز

اکثر لوگوں نے یہ سوال بھی پوچھا کہ اتنے زیادہ لوگ کیوں ہلاک ہوئے؟ خیال رہے کہ دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث 15 لاکھ لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔

اس کے علاوہ لوگوں نے دیگر سوالات بھی پوچھے، جیسا کہ لوگ احتجاج کیوں کررہے ہیں؟ سیاہ فاموں کی زندگی کیوں اہم ہے؟

خیال رہے کہ رواں برس مئی میں ایک پولیس افسر کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جسے ایک سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی گردن پر گھٹنا رکھے دیکھا جا سکتا تھا۔

منی سوٹا میں 46 سالہ سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ سفید فام پولیس افسر سے زندگی کی بھیک مانگتے رہے لیکن وہ پولیس افسر 9منٹ تک اس کی گردن پر ٹانگ رکھ کر بیٹھا رہا جس سے بالآخر اس کی موت واقع ہو گئی تھی۔

—فائل فوٹو:رائٹرز
—فائل فوٹو:رائٹرز

جس کے بعد امریکا سمیت دنیا بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا تھا اور 'بلیک لائیوز میٹر' (سیاہ فاموں کی زندگی اہم ہے) کی تحریک نے سراٹھایا۔

رواں برس اگست میں لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکے کے بعد وہاں عالمی امداد پہنچی، امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں بڑے پیمانے پر آگ لگنے کے بعد دنیا بھر سے فائر فائٹرز آف بجھانے پہنچے، اسی دوران دنیا بھر میں کورونا وائرس کی لگ بھگ 100 ویکسینز کی تیاری بھی جاری تھی۔

—فائل فوٹو:اے پی
—فائل فوٹو:اے پی

اور تب لوگوں نے گوگل سے یہ سوال کیا کہ ہمدردی کیوں ضروری ہے؟

لوگوں نے گوگل سے یہ بھی پوچھا کہ جمہوریت کیوں اہم ہے؟ لوگ خواب کیوں دیکھتے ہیں؟

—فائل فوٹو: رائٹرز
—فائل فوٹو: رائٹرز

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں