برطانوی ایئرلائن ورجن اٹلانٹک کی پہلی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی

اپ ڈیٹ 11 دسمبر 2020
ورجن اٹلانٹک کی پہلی پرواز مسافروں کو ہیتھرو ایئرپورٹ سے اسلام آباد لے کر پہنچی—فوٹو: بشکریہ زلفی بخاری ٹوئٹر
ورجن اٹلانٹک کی پہلی پرواز مسافروں کو ہیتھرو ایئرپورٹ سے اسلام آباد لے کر پہنچی—فوٹو: بشکریہ زلفی بخاری ٹوئٹر

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی ایس اے) کی جانب سے فلائٹ آپریشن کی منظوری کے بعد برطانوی ایئرلائن ورجن اٹلانٹک کی پہلی پرواز آج (11دسمبر کو) نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی۔

ورجن اٹلانٹک کی پہلی پرواز ہیتھرو ایئرپورٹ سے مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچی۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اووسیز پاکستانی سید ذوالفقار بخاری اور برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے مسافروں کا پرتپاک استقبال کیا۔

برطانوی ایئرلائن کی پرواز 13 دسمبر کو اسلام آباد سے لندن ہیتھرو کے لیے جبکہ 14 دسمبر کو لاہور سے لندن ہیتھرو کے لیے روانہ ہوگی۔

برٹش ایئرویز کے بعد پاکستان میں برطانیہ کی ایک اور ایئرلائن کے فضائی آپریشن کے آغاز کے موقع پر زلفی بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ٹوئٹ میں بتایا کہ 'ورجن اٹلانٹک کی پہلی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی'۔

مزید پڑھیں: برطانوی ایئرلائن ورجن اٹلانٹک 13 دسمبر سے پاکستان کیلئے پروازوں کا آغاز کرے گی

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ورجن اٹلانٹک کے فضائی آپریشن کا آغاز برطانیہ اور یورپی یونین میں مقیم پاکستانی افراد کے لیے بہت بڑا اقدام ہے، کئی دہائیوں کی نسبت آج پاکستان سفر اور سیاحت کے لیے زیادہ مربوط ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام جاری کیا اور فضائی آپریشن کے آغاز کی مبارکباد بھی پیش کی۔

ٹوئٹر پر جاری پوسٹ میں کرسچین ٹرنر نے کہا کہ 18 ماہ قبل کوئی برطانوی ایئرلائن، پاکستان نہیں آرہی تھی اور اب ایک ہفتے میں ہماری براہ راست 20 سے زائد پروازیں یہاں آتی ہیں، یہ پاکستان پر اصل اعتماد کی علامت ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں کرسچین ٹرنر نے کہا کہ آج ایک تاریخی دن ہے کیونکہ ورجن اٹلانٹک پاکستان آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 18 ماہ قبل کوئی برطانوی ایئرلائن، پاکستان نہیں آرہی تھی اور آج ایک ہفتے میں ہماری براہ راست 20 سے زائد پروازیں یہاں آتی ہیں۔

کرسچین ٹرنر نے کہا کہ یہ پاکستان پر کیے جانے والے اصل اعتماد کی علامت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی ایئرلائنز کا پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان

برطانوی ہائی کمشنر نے ویڈیو پیغام میں اردو زبان میں کہا کہ میں آج مانچسٹر سے آنے والے لوگوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

کرسچین ٹرنر نے کہا کہ ہمارے 16 لاکھ پاکستانی نژاد برطانوی، ہماری دوستی کا دل ہیں، ان کے پاس اپنے پیاروں سے ملنے، تعلقات بنانے اور تجارت کو فروغ دینے کے زیادہ آپشنز میسر ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فضائی آپریشن کا یہ آغاز سیاحت اور کاروبار کے لیے بھی اچھا ہوگا۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ جب میں پاکستان پہنچا تو آپ نے مجھ سے خیالات کو تبدیل کرنے میں مدد کرنے کو کہا۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال بعد، کووڈ-19 کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کے باوجود، ہم نے ٹریول ایڈوائزی تبدیل کی، انگلینڈ کرکٹ کی پاکستان میں واپسی دیکھی اور اب برٹش ایئرویز اور ورجن اٹلانٹک یہاں براہ راست آرہی ہیں۔

کرسچین ٹرنر نے کہا کہ کیونکہ مشکل وقت میں دوست ہی دوست کو آگے لے کر جاتا ہے، پاکستان-برطانیہ دوستی زندہ باد۔

بعدازاں ورجن گروپ کے بانی رچرڈ برینسن نے کہا کہ انہیں خوشی ہوئی ہے کہ پاکستان ان ابتدائی چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں ورجن اٹلانٹک نے کورونا وائرس کے باوجود اپنی پروازوں کا آغاز کیا ہے۔

رچرڈ برینسن نے پہلی پرواز میں موجود نہ ہونے پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا یہ پہلی افتتاحی پرواز ہے جس میں، میں موجود نہیں ہوں۔

انہوں نے ریکارڈ ٹائم میں تمام انتظامات کرنے پر پاکستانی حکام، برطانوی ہائی کمیشن اور ورجن اٹلانٹک کی ٹیمز کا شکریہ ادا کیا۔

اس ضمن میں ورجن اٹلانٹک کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ اوورسیز پاکستانی برطانیہ میں موجود ہیں جو لگ بھگ 16 لاکھ ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ورجن اٹلانٹک کی نئی خدمات کاروبار اور تفریحی سفر کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے علاوہ لوگوں کو دوستوں اور عزیزوں سے ملنے کے لیے اہم رابطہ فراہم کرے گی۔

مزید پڑھیں: برٹش ایئرویز کی پہلی پرواز لاہور پہنچ گئی

پاکستان کے تمام راستوں پر ورجن اٹلانٹک کے ابوئنگ 787-9 ڈریم لائنر کے جدید ترین طیارے آپریٹ کریں گے جس میں ایئرلائن کے اپر کلاس، پریمیم اور اکانومی کیبن موجود ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق مسافر پرواز میں 1000 گھنٹے سے زائد دورانیے تک انٹرٹینمنٹ سے مستفید ہوسکیں گے جس میں اردو فلمیں اور ٹی وی پروگرامز بھی شامل ہیں۔

ورجن اٹلانٹک اپنی ایوارڈ یافتہ سروس کے ساتھ صارفین کے لیے حلال کھانے بھی پیش کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی ایئرلائنز کا پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان

مسافروں کو لے جانے کے ساتھ ساتھ ورجن اٹلانٹک ایک تیز، مؤثر کارگو سروس بھی پیش کرے گی جس سے برطانیہ اور پاکستان دونوں ممالک میں برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کے مابین تجارتی حجم میں اضافہ ہو سکے گا۔

خیال رہے کہ برطانیہ، یورپ میں پاکستان کے لیے سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ ہے جہاں ٹیکسٹائل، ملبوسات اور مشینری جیسی اشیا کی زیادہ حجم میں نقل و حمل ہوتی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ مسافروں کی حفاظت ورجن اٹلانٹک کی اولین ترجیح ہے اور ایئر لائن نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران 19 ’فلائی سیف ، فلائی ویل‘ پروگرام نافذ کیا ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس جنوری میں برطانیہ کی حکومت نے پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورت حال کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو سفر کے لیے پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا تھا۔

جس کے بعد برطانوی ایئرلائن برٹش ایئر ویز کے فضائی آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا اور 14 اگست کو پہلی پرواز اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی تھی جہاں سے اب روزانہ پروازوں کا سلسلہ جاری ہے اور اکتوبر میں اس فضائی آپریشن کو لاہور تک توسیع دی گئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں