اسلام آباد: ہوٹل کی بالکونی سے گر کر ایک خاتون ہلاک، دوسری زخمی

اپ ڈیٹ 15 دسمبر 2020
بالکونی سے گرنے سے ایک خاتون ہلاک اور دوسری زخمی ہوگئی—فائل فوٹو: اے پی پی
بالکونی سے گرنے سے ایک خاتون ہلاک اور دوسری زخمی ہوگئی—فائل فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: دارالحکومت میں ایک ہوٹل کی عمارت سے ایک خاتون گرکر ہلاک جبکہ دوسری زخمی ہوگئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ بحریہ ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں گجرات سے 2 مرد اور 2 خواتین ہوٹل میں شام میں قیام کے لیے آئے اور انہوں نے مخصوص کمرہ مانگا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مخصوص کمرہ جو پانچویں منزل پر تھا وہ انہیں دیا گیا تاہم اگلی صبح ایک کے بعد ایک خاتون کمرے کی بالکونی سے نیچے آگری۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: ہلال احمر کی ملازمہ کے ‘قتل‘ کے معاملے میں شوہر گرفتار

جس کے بعد سیکیورٹی گارڈز نے انہیں نیچے گرا ہوا دیکھا تو ہوٹل اسٹاف کو مطلع کیا اور جب وہ جائے وقوع پر پہنچے تو وہاں ایک خاتون دم توڑ چکی تھیں جبکہ دوسری شدید زخمی تھیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کے تھوڑی دیر بعد ہی ان کے مرد ساتھیوں کو ہوٹل چھوڑنے کی کوشش کرنے کے دوران پکڑ لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ جب انہیں رکنے کا کہا گیا تو انہوں نے مزاحمت دکھائی جس پر ایک گارڈ نے انہیں خبردار کیا تاہم انہوں نے دوبارہ فرار ہونے کی کوشش کی جس پر گارڈ نے ایک مرد کے پاؤں پر فائر کیا اور پولیس کو آگاہ کیا جس پر پولیس نے وہاں پہنچ کر انہیں گرفتار کرلیا۔

بعد ازاں دونوں زخمیوں مرد اور خاتون سمیت مرنے والی خاتون کو بھی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: خاتون کو ’جنسی ہراساں کرنے پر‘ نجی بینک کا ملازم گرفتار، ملازمت سے فارغ

واقعے سے متعلق لوہی بھیڑ پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں خواتین آپس میں بہنیں تھیں، مزید یہ کہ مرنے والی بڑی بہن شادی شدہ تھی اور ان کا ایک بیٹا تھا۔

پولیس نے ہوٹل کے کمرے سے کچھ ممنوعہ سامان بھی برآمد کیا ہے۔

اس حوالے سے پولیس نے مزید کہا کہ کسی معاملے پر تلخ کلامی کے بعد خاتون کو ان کے ساتھیوں نے بالکونی سے نیچے پھینک دیا تھا۔


یہ خبر 15 دسمبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں