پاکستان، سعودی عرب کا دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کا عزم

اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2020
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کی—تصویر: پی آئی ڈی
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کی—تصویر: پی آئی ڈی

اسلام آباد: ریاض کی جانب سے اپنا دیا گیا قرض رول اوور کرنے سے انکار پر باہمی تعلقات میں آنے والی سردمہری کے دوران سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دفتر وزیراعظم سے جاری بیان کے مطاق ملاقات میں دو طرفہ تعاون اور کووڈ 19 کی صورتحال پر تبادلہ کیا گیا۔

مزید برآں 'وزیراعظم عمران خان اور سعودی سفیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا'۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے سعودی عرب کو مزید ایک ارب ڈالر قرض واپس کردیا

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے 3 ارب ڈالر کی دوسری قسط میں ایک ارب ڈالر کی واپسی کا معاملہ موضوع بحث بنا تھا جسے بہت سوں نے جیوپولیٹکل اختلافات پر دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں کشیدگی کے طور پر دیکھا تھا۔

سعودی عرب نے 2018 میں پاکستان کو 3 سال کی مدت کے لیے 3 ارب ڈالر فراہم کیے تھے تا کہ ملک ادائیگیوں کے توازن کے بحران سے نکل سکے جس کا اس کو اس وقت سامنا تھا۔

اس کے علاوہ مملکت نے اس وقت 3.2 ارب ڈالر کا ادھار تیل فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا تھا لیکن یہ سلسلہ پہلے سال کے بعد ہی تھم گیا تھا۔

سعودی عرب کی جانب سے یہ نقدی قرض اب میچیور ہوچکا تھا اور توقع یہ تھی کہ ریاض، پاکستان کی مشکل مالی صورتحال بالخصوص کووِڈ 19 کے باعث درپیش مشکلات کو دیکھتے ہوئے اپنے قرض کو رول اوور کردے گا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط موصول

ماضی میں سعودی عرب کی جانب سے قرضوں کی ادائیگی کے لیے کبھی اصرار نہیں کیا گیا لیکن اس مرتبہ ایسا نہ ہوا اور ریاض سے آنے والا پیغام واضح تھا کہ وہ اپنی رقم واپس چاہتے ہیں۔

پاکستان اب تک چین کی مدد سے سعودی عرب کو 2 ارب ڈالر واپس کرچکا ہے اور آئندہ ماہ تک ایک ارب ڈالر کی آخری قسط بھی ادا کرنے والا ہے۔

کچھ افراد کا خیال ہے کہ سعودی رویہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی سمت بالخصوص ترکی اور ایران کے ساتھ اس کے تعلقات کی وجہ سے تلخ ہوا۔

تاہم بہت سے عہدیداران سعودی قرض رول اوور کروانے میں ناکامی کے باوجود اب بھی دونوں ممالک کے تعلقات کی تجدید کے حوالے سے پُر اُمید ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب، پاکستان کو 3ارب ڈالر امداد دینے پر رضامند

شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں سعودی عرب کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد کا آئندہ ماہ اسلام آباد کا دورہ کرنے کا امکان ہے جبکہ توقع ہے کہ ایک پاکستانی وفد بھی اس کے فوراً بعد ریاض کا دورہ کرے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی طاہر اشرفی جو نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ بھی ہیں، نے ان دعوؤں کو پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'سعودی عرب کی جانب سے کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے'، مزید یہ کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات گزشتہ عشرے کے مقابلے عروج پر ہیں۔


یہ خبر 22 دسمبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں