جرمنی میں مسجد کے پاکستانی نائب امام کو قتل کر دیا گیا، مقامی میڈیا

اپ ڈیٹ 24 دسمبر 2020
پاکستانی سفیر کے مطابق پاکستانی کا قتل 21 دسمبر کو ہوا — فوٹو بشکریہ اسٹٹگارٹر زیتنگ
پاکستانی سفیر کے مطابق پاکستانی کا قتل 21 دسمبر کو ہوا — فوٹو بشکریہ اسٹٹگارٹر زیتنگ

جرمنی کے شہر اسٹٹگارٹ میں پاکستانی نژاد شہری کو قتل کردیا گیا، جس کی تصدیق پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے کردی۔

جرمنی میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ 'اسٹٹگارٹ میں ایک ناخوش گوار واقعہ پیش آیا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'ایک پاکستانی شاہد نواز کو نامعلوم افراد نے 21 دسمبر کو قتل کیا، پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے'۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ 'فرینکفرٹ کے قونصل جنرل کو متاثرہ خاندان سے ملاقات اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلانے کے لیے اسٹٹگارٹ بھیج دیا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'وہ پولیس سے بھی ملیں گے، ہم متاثرہ خاندان سے دلی تعزیت کرتے ہیں'۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہد نواز جرمنی میں پاکستانیوں کی تعمیر کردہ ایک مسجد میں نائب خطیب تھے اور انہیں پارک میں چہل قدمی کے دوران قتل کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر تصویر کے ساتھ ایک خبر میں کہا گیا ہے کہ 'پاکستان سے تعلق رکھنے والے اسٹٹگارٹ مسجد کے نائب امام شاہد نواز قادری کو ان کے گھر کے قریب نامعلوم افراد نے بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا'۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 'حملہ آور تاحال مفرور ہیں اور اب تک اس واقعے کے محرکات معلوم نہیں ہوئے'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں